امریکی صدر جو بائیڈن کے مشیر برائے قومی سلامتی، جیک سلیون نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے جدہ، سعودی عرب میں ملاقات کی ہے۔ اس ملاقات میں متحدہ عرب امارات کے قومی سلامتی کے مشیر شیخ تہنون بن زائد النہیان اور بھارت کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول بھی موجود تھے۔
وائٹ ہاوٗس سے جاری شدہ اعلامیے کے مطابق اس ملاقات میں مشرق وسطیٰ کو محفوظ اور خوشحال بنانے کے لیے مشترکہ مقاصد کو آگے بڑھانے اور اس حوالے سے بھارت اور دیگر عالمی ممالک کے ساتھ اشتراک پر زور دیا گیا ۔
جیک سلیون نے محمد بن سلمان، شیخ تہنون اور اجیت دوول کے ساتھ علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں بھی کیں جن میں امریکا کے ساتھ ان ملکوں کے دوطرفہ تعلقات اور علاقائی مسائل پر گفتگو ہوئی ۔
جیک سلیون نے کہا کہ اس بات چیت کا اگلا دور اجیت دوول کے ساتھ اس ماہ کے آخر میں آسٹریلیا میں 4ملکی اتحاد (کواڈ) کی میٹنگ میں ہو گا ۔ 2007 سے قائم اس 4ملکی اتحاد میں بھارت اور امریکا کے ساتھ جاپان اور آسٹریلیا بھی شامل ہیں ۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے ساتھ ہونے والی دوطرفہ ملاقات میں امریکی اہلکار نے یمن کے ساتھ 15ماہ سے جاری امن معاہدے اور اس حوالے سے مذاکرات میں پیش رفت کو مثبت قرار دیا ۔
انہوں نے اقوام متحدہ کی قیادت میں جنگ کے مکمل خاتمے کی خاطر کی جانے والی کوششوں پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ جیک سلیون نے سوڈان سے امریکی شہریوں کے انخلا میں سعودی عرب کے تعاون کا شکریہ بھی ادا کیا ۔
چاروں شرکا نے ان ملاقاتوں میں کیے جانے والوں فیصلوں پر عمل درآمد کے لیے ایک دوسرے سے رابطہ رکھنے اور مشاورت کا سلسلہ تواتر سے جاری رکھنے پر اتفاق کیا ۔