سابق مس پڈوچیری اور بھارت کی معروف ماڈل سان ریچل نے مبینہ طور پر اتوار کے روز خودکشی کر لی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے ایک نوٹ برآمد ہوا ہے۔ جس میں لکھا تھا کہ ان کی موت کا کوئی ذمہ دار نہیں ہے۔ تاہم پولیس نے اس بات کا پتا لگانے کے لیے تفتیش کا حکم دیا ہے کہ آیا ان کی ازدواجی زندگی میں کوئی مسائل تھے جو ان کی مبینہ خودکشی کا سبب بنے ہوں۔
26 سالہ سان ریچل، جو کہ ایک ماڈل اور سوشل میڈیا کی شخصیت تھیں۔ انہوں نے مبینہ طور پر شہر میں اپنے والد سے ملاقات کے بعد بلڈ پریشر کی گولیوں کی زیادہ مقدار کھا لی۔ انہیں ابتدائی طور پر ایک سرکاری اسپتال لے جایا گیا جہاں سے بعد ازاں ایک نجی اسپتال منتقل کیا گیا۔ وہاں سے انہیں جواہر لال انسٹیٹیوٹ آف پوسٹ گریجویٹ میڈیکل ایجوکیشن اینڈ ریسرچ (جِپمر) میں داخل کرایا گیا، جہاں انہوں نے دم توڑ دیا۔
یہ بھی پڑھیں: نیدرلینڈز کے سابق وزیراعظم اور اہلیہ کی اکٹھے خود کشی، وجہ کیا بنی؟
انہوں نے حال ہی میں شادی کی تھی اور انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں رنگت کی بنیاد پر امتیاز کے خلاف آواز اٹھانے کے لیے جانی جاتی تھیں۔ سان ریچل کو 2022 میں مس پڈوچیری کا خطاب دیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق سان ریچل پر شدید مالی اور ذاتی دباؤ تھا جس کی وجہ سے انہوں نے یہ انتہائی قدم اٹھایا۔ حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ مہینوں میں انہوں نے اپنے کیریئر کو آگے بڑھانے کے لیے اپنا زیور فروخت کر دیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق وہ اپنے والد سے مدد کی امید رکھتی تھیں لیکن انہوں نے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے بیٹے (سان کے بھائی) کی دیکھ بھال میں مصروف ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ’خود کشی کے خیال آتے تھے‘ طلاق کے بعد اے آر رحمان پہلی بار منظرِ عام پر
سان ریچل نے نہ صرف اپنے کام کے ذریعے بلکہ بھارتی سنیما اور فیشن انڈسٹری میں گوری رنگت کو ترجیح دیے جانے کے خلاف اپنی بے باک آواز کے ذریعے بھی شہرت حاصل کی تھی۔ انہوں نے عوامی سطح پر خاص طور پر سیاہ رنگت رکھنے والی خواتین کے ساتھ ہونے والے امتیاز کے خلاف بات کی۔
انہیں شنکر پریا کے نام سے بھی جانا جاتا تھا۔ انہوں نے مختلف خوبصورتی کے اعزازات جیسے مس پونڈیچیری، مس ڈارک کوئین تمل ناڈو، اور بلیک بیوٹی کیٹیگری میں مس ورلڈ کا ٹائٹل بھی حاصل کیے تھے۔