بھارت: پوجا کرنے پر دلت نوجوان پر تشدد، مندر کی گھنٹی سے حملہ

پیر 14 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارت میں ایک بار پھر دلت برادری کے خلاف امتیازی سلوک کا واقعہ سامنے آ گیا، جہاں ایک 27 سالہ دلت نوجوان کو مندر میں پوجا کرنے کی کوشش پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ متاثرہ نوجوان شیلندر نے الزام عائد کیا ہے کہ اسے ضلع بارہ بنکی کے لودھیشور مہادیو مندر میں داخل ہونے اور پوجا کرنے پر روکا گیا اور پھر اسے مندر کے برتن اور گھنٹی سے مارا گیا۔

شیلندر نے پولیس شکایت میں کہا کہ مندر کے پجاری آدتیہ تیواری، اکھیل اور شبھم تیواری نے اسے عبادت سے روکتے ہوئے اس کے خلاف ذات پات پر مبنی توہین آمیز جملے کسے، اور جب اس نے احتجاج کیا تو اسے زد و کوب کیا گیا۔ تشدد کے بعد شیلندر کو رام نگر کے کمیونٹی ہیلتھ سینٹر لے جایا گیا، جہاں سے اسے مزید علاج کے لیے بارہ بنکی ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کیا گیا۔

مزید پڑھیں: بھارت میں دلت طالبہ کے ساتھ 64 مردوں کی زیادتی

واقعے پر شدید عوامی ردِعمل سامنے آیا ہے اور مختلف حلقوں نے غیر جانبدار تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے، تاہم پجاری آدتیہ تیواری نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے جوابی الزام عائد کیا ہے کہ شیلندر نے پوجا کے دوران اس کی بہو کو ہراساں کرنے کی کوشش کی، اور جب ان کے بیٹے نے مداخلت کی تو شیلندر نے بدتمیزی اور حملہ کیا۔

پجاری نے دعویٰ کیا کہ مندر میں کام کرنے والے کئی سیوادار دلت اور پسماندہ طبقات سے تعلق رکھتے ہیں، اور آج تک کبھی ذات پات کی بنیاد پر امتیاز کی شکایت سامنے نہیں آئی۔ انہوں نے کہا کہ وہ پولیس کو اپنا مؤقف پیش کریں گے۔

ادھر رام نگر کے ایس ایچ او انیل کمار پانڈے کے مطابق دونوں جانب سے شکایات درج ہو چکی ہیں، اور پولیس واقعے کی غیر جانب دارانہ تحقیقات کر رہی ہے۔ ان کے مطابق مندر کی CCTV فوٹیج کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور تمام پہلوؤں کا بغور معائنہ کرنے کے بعد قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp