گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کو خط لکھ کر کہا ہے کہ فوری طور پر صوبائی اسمبلی کا اجلاس بلایا جائے تاکہ مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان اسمبلی کا حلف لیا جا سکے۔۔
گورنر خیبر پختونخوا کے پرنسپل سیکریٹری زبیر ارشد کی جانب سے وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری کو جاری کیے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی 14 جولائی کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے صوبائی اسمبلی کا اجلاس طلب کیا جائے تاکہ مخصوص نشستوں پر کامیاب ہونے والے اراکین سے بروقت حلف لیا جا سکے، جیسا کہ سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے فیصلہ دیا ہے۔

خط میں واضح کیا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت کے قواعدِ کار 1985 کے مطابق، صوبائی اسمبلی کا اجلاس بلانے کی سمری گورنر کو وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے ذریعے بھجوائی جائے۔
مزید پڑھیں: سینیٹ انتخابات میں پی ٹی آئی اور دیگر جماعتوں کو کتنی نشستیں ملیں گی؟
مراسلے میں آئین کے آرٹیکل 109 (اے) کے تحت فوری طور پر اسمبلی اجلاس بلانے اور الیکشن کمیشن کی ہدایات پر من و عن عمل یقینی بنانے پر زور دیا گیا ہے۔
گورنر سیکریٹریٹ نے اس معاملے میں فوری کارروائی کی درخواست کرتے ہوئے الیکشن کمیشن اسلام آباد اور گورنر خیبر پختونخوا کے پرسنل سیکریٹری کو بھی مراسلے کی کاپی ارسال کی ہے۔














