پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (پی سی سی اے) نے برطانیہ کی طرف سے پاکستان کو ایئر سیفٹی لسٹ سے نکالے جانے پر اپنے تکنیکی ماہرین کی محنت، پیشہ ورانہ مہارت اور انتھک جدوجہد کو سراہا ہے۔
ادارے کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ برطانیہ کے محکمہ ٹرانسپورٹ نے برطانوی ایئر سیفٹی کمیٹی کے ذریعے پاکستان کو ایئر سیفٹی لسٹ سے خارج کر دیا ہے۔ اس اہم پیش رفت کے بعد پاکستانی ایئرلائنز کو براہ راست برطانیہ کے لیے پروازیں چلانے کی اجازت حاصل کرنے کے لیے درخواست دینے کا حق حاصل ہو گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: پاکستان کی بڑی سفارتی و فضائی کامیابی، برطانیہ نے پاکستان کو ایئر سیفٹی لسٹ سے نکال دیا
بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ کامیابی وزیر دفاع اور سیکرٹری دفاع کی مدبرانہ قیادت اور مسلسل رہنمائی کا نتیجہ ہے جن کے زیر سایہ ہوا بازی کے شعبے میں ادارہ جاتی بہتری کے اقدامات اٹھائے گئے۔ پی سی اے اے نے اپنے تکنیکی ماہرین کی محنت، پیشہ ورانہ مہارت اور انتھک جدوجہد کو سراہا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل پی سی اے اے نادر شفی دار کو برطانوی ہائی کمیشن اسلام آباد میں مدعو کیا گیا جہاں انہوں نے برطانوی ہائی کمیشن کے کردار کو سراہا جو اس عمل کے دوران نہایت اہم رہا۔ پی سی سی اے نے ان کی مسلسل حمایت پر تشکر کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیے: برطانیہ کے لیے پی آئی اے پروازوں کا دوبارہ آغاز اہم سنگِ میل ہے، وزیراعظم کا پابندی کے خاتمے کا خیرمقدم
پی سی سی اے کے بیان میں کہا گیا ہے کہ برطانیہ نہ صرف پاکستانی تارکین وطن کی ایک بڑی آبادی کا مسکن ہے بلکہ پاکستان کے بڑے تجارتی و سفری شراکت داروں میں بھی شامل ہے۔ اس فیصلے سے عوامی روابط، تجارتی تعلقات، سیاحت اور سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔
پاکستان کا ایئر سیفٹی لسٹ سے اخراج بین الاقوامی برادری کے اس اعتماد کی عکاسی کرتا ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن کے حفاظتی معیار پر عملدرآمد کے لیے سنجیدہ اور پرعزم ہے۔