پنجاب میں میٹرو بس اور اورنج لائن کے لیے ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ

جمعرات 17 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پنجاب حکومت نے میٹرو بس اور اورنج لائن ٹرین کے لیے ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اورنج لائن اور میٹرو بس میں ٹوکن سسٹم ختم کرکے کارڈ بیسڈ بارکوڈ سسٹم لایا جائے گا۔

مسافر اب کریڈٹ کارڈ، ڈیبٹ کارڈ، اے ٹی ایم کارڈ اور موبائل اکاؤنٹ ایپ کے ذریعے کرائے کی ادائیگی کر سکیں گے۔ ماس ٹرانزٹ سسٹم میں این ایف سی یعنی ’ٹیپ اینڈ گو‘ سسٹم بھی شامل ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں:’جہاں ناانصافی ہو وہاں انتشار جنم لیتا ہے‘، مریم نواز  کا عالمی یومِ انصاف پر پیغام

وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں لاہور، ملتان، راولپنڈی اور اسلام آباد کی میٹرو بسوں میں کریڈٹ اور ڈیبٹ کارڈ کے ذریعے کرایہ ادا کرنے، اور لاہور کی اورنج لائن ٹرین میں ای پیمنٹ سسٹم لاگو کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ ٹوکن سسٹم جلد ختم کر دیا جائے گا۔

صوبے بھر میں ماس ٹرانزٹ سسٹم کے لیے ایک ہی ’ٹی کیش کارڈ‘ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کی منظوری وزیراعلیٰ نے دے دی ہے۔ اس کارڈ سے صوبے بھر میں ہر میٹرو بس یا اورنج لائن پر سفر ممکن ہوگا، جبکہ طلبہ کے لیے الگ کارڈ بھی متعارف کرایا جائے گا۔

اجلاس میں گریڈ 5 سے 18 تک ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ میں ٹیکنیکل آسامیوں پر بھرتیوں کی اصولی منظوری بھی دی گئی۔

پنجاب میں پہلی مرتبہ انٹرنیشنل ٹرانسپورٹ ایکسپو کے انعقاد، اور گاڑیوں سے متعلق تمام امور کے لیے ایک جامع آر ایف آئی ڈی سٹیکر متعارف کرانے کا اعلان بھی کیا گیا۔

موٹر سائیکل رکشہ کے متبادل کے طور پر الیکٹرک رکشہ متعارف کرانے پر اتفاق کیا گیا ہے، اور وزیراعلیٰ نے اس منصوبے کے لیے تجاویز اور سفارشات طلب کر لی ہیں۔

سیکرٹری ٹرانسپورٹ عمران سکندر بلوچ نے اجلاس کو یلو لائن لاہور اور گوجرانوالہ بی آر ٹی کے حوالے سے بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اگست سے پنجاب کے اضلاع میں الیکٹرک بسوں کی فراہمی کا آغاز ہوگا، جبکہ لاہور میں 50 پری فیبریکیٹڈ بس شیلٹرز کی تنصیب کا کام بھی شروع ہو چکا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp