یو اے ای میں شادی پر چھٹیوں سے متعلق نیا فرمان جاری

جمعرات 17 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

متحدہ عرب امارات میں شادی پر چھٹیوں سے متعلق نیا حکمنامہ جاری کردیا گیا ہے۔

متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے یو اے ای کے شہری سرکاری ملازمین کے لیے شادی کی چھٹی سے متعلق نیا فرمان جاری کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ریاض میں پاکستانی ایگزیکٹو فورم کے زیرِ اہتمام چھٹی سالانہ بزنس میٹ اپ کا شاندار انعقاد

اس حکمنامے کے تحت ایسے سرکاری ملازمین کو ان کی شادی پر 10 ورکنگ دن کی مکمل تنخواہ کے ساتھ چھٹی دی جائے گی۔ اس چھٹی کو دیگر دستیاب چھٹیوں کے ساتھ بھی جوڑا جاسکتا ہے، بشرطیکہ وہ متعلقہ انسانی وسائل کے ضوابط کے تحت منظور شدہ ہوں۔

شادی کی چھٹی کے لیے یہ شرط رکھی گئی ہے کہ دلہا اور دلہن دونوں متحدہ عرب امارات کے شہری ہوں۔ مزید یہ کہ ملازم نے اپنی ملازمت کی آزمائشی مدت کامیابی سے مکمل کی ہو۔ نکاح 31 دسمبر 2024 کے بعد ہوا ہو اور نکاح متعلقہ قومی اتھارٹی سے تصدیق شدہ ہونا چاہیے۔ چھٹی کی درخواست دیتے وقت صرف ایک بار نکاح نامے کی نقل جمع کروانا لازم ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: ’سلمان خان سے شادی کرلیں‘، راکھی ساونت کا ہانیہ عامر کے لیے پیغام

شادی کی چھٹی ملازمت کے دوران کسی بھی وقت، خواہ مسلسل ہو یا وقفے وقفے سے، ایک سال کے اندر لی جا سکتی ہے۔ اگر کسی سنگین وجہ کے باعث ملازم چھٹی فوری طور پر نہ لے سکے تو اس کی درخواست پر اور براہِ راست نگران کی منظوری سے چھٹی کو اگلے سال منتقل بھی کیا جاسکتا ہے۔

اس دوران عام طور پر ملازم کو ڈیوٹی پر طلب نہیں کیا جائے گا، تاہم فوجی اہلکاروں کو کام کی ضرورت کے تحت بلایا جا سکتا ہے۔ اگر ملازم کو قومی یا ریزرو سروس کے لیے طلب کیا جائے اور وہ اپنی شادی کی چھٹی استعمال نہ کرسکے تو چھٹی کی باقی مدت کو اس کی واپسی کے بعد ایک سال کے اندر استعمال کیا جا سکے گا۔

یہ بھی پڑھیں: رشوت دے کر چھٹیوں پر جانا نرسز کو مہنگا پڑگیا

یہ فرمان دبئی کی تمام سرکاری اتھارٹیز، اسپیشل ڈیولپمنٹ زونز اور فری زونز، عدلیہ کے ملازمین یو اے ای کے فوجی اہلکاروں (سوائے امیدواروں) پر لاگو ہوگا۔ مزید کسی طبقے کو شامل کرنے کا اختیار دبئی کی ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین کو حاصل ہے۔

یہ فرمان یکم جنوری 2025 سے نافذ العمل ہوگا اور اسے سرکاری گزٹ میں شائع کیا جائے گا۔ اس فرمان سے متصادم تمام سابقہ احکامات کالعدم تصور کیے جائیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp