تنہا افراد کس یورپی ملک میں سب سے زیادہ، اکیلے پن کے نقصانات کیا ہیں؟

جمعرات 17 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جرمنی میں تنہا رہنے والے افراد کی تعداد یورپی یونین کی اوسط سے کہیں زیادہ ہو گئی۔

ڈی ڈبلیو کی ایک رپورٹ کے مطابق نوجوانوں اور بوڑھے افراد کے تنہائی والے گھروں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور تنہائی بڑھتی ہوئی تشویش کا موجب ہے۔

یہ بھی پڑھیں: تنہائی اور سماجی دوری ذیابیطس ٹائپ 2 کے خطرے کو بڑھا سکتی ہے، نئی تحقیق

جرمنی کے وفاقی دفتر شماریات کے نئے اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ جرمنی میں ایک کروڑ 70 لاکھ افراد، یعنی آبادی کا 20.6 فیصد، اب اپنے گھروں میں تنہا رہتے ہیں۔

پچھلی 2 دہائیوں میں تنہا رہنے والے لوگوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ 20 سال پہلے یہ تعداد صرف 17.1 فیصد (ایک کروڑ 40 لاکھ) تھی۔

تنہا افراد کی اکثریت کی عمر کتنی ہے؟

عمر دراز افراد کے تنہا رہنے کا زیادہ امکان ہوتا ہے۔ 65 سال سے زیادہ عمر والوں میں سے 34 فیصد افراد ایسا کرتے ہیں اور 85 سال یا اس سے زیادہ عمر والوں میں یہ تعداد بڑھ کر 56 فیصد ہو جاتی ہے۔

مزید پڑھیے: خاموشیوں میں ڈوبتا معاشرہ، تنہائی، بیٹیاں اور بکھرتے رشتے

لیکن تنہا رہنے والے 25 اور 34  سال کے درمیان نوجوان بالغوں کی تعداد بھی نمایاں ہیں جن میں 28 فیصد اکیلے رہتے ہیں جو کہ اوسط سے بہت زیادہ ہے۔ خواتین مردوں کی نسبت تھوڑی زیادہ (21.2 فیصد بمقابلہ 20 فیصد) تنہا رہتی ہیں۔

دیگر یورپی ممالک کی نسبت جرمنی میں تنہائی کی شرح

یورپی یونین کی اوسط 16.2 فیصد کے مقابلے میں جرمنی کا تنہائی پسند گھرانوں کی تعداد زیادہ ہے۔

صرف لتھوانیا، فن لینڈ، ڈنمارک، ایسٹونیا اور سویڈن میں یہ شرحیں زیادہ ہیں۔ سب سے کم شرح سلوواکیہ، آئرلینڈ اور پولینڈ کی ہے۔

واحد فرد والے گھرانے پہلے ہی جرمنی میں سب سے زیادہ عام گھریلو قسم ہیں جو کل  گھرانوں کا 41.6 فیصد بنتے ہیں۔ پیشن گوئی کے مطابق یہ شرح سنہ 2040 تک 45 فیصد سے تجاوز کر سکتی ہے۔

تنہائی کے منفی پہلو

تنہا رہنے کے منفی پہلو بھی ہیں۔ اکیلے رہنے والے 4 میں سے ایک شخص کا کہنا ہے کہ وہ اکثر تنہائی محسوس کرتے ہیں، 10 سال یا اس سے زیادہ عمر کی عام آبادی کی اوسط 16.3 فیصد سے کہیں زیادہ ہے۔

مزید پڑھیں: تنہائی ہر گھنٹے 100 جانیں نگل جاتی ہے، عالمی ادارہ صحت کی چونکا دینے والی رپورٹ

تنہائی 30 سال سے کم عمر افراد میں سب سے زیادہ عام ہے جو اکیلے رہتے ہیں۔ ان میں سے تقریباً 36 فیصد لوگ اکثر تنہائی محسوس کرتے ہیں۔ 65 سال یا اس سے زیادہ عمر کے اکیلے رہنے والوں میں، ایسے افراد کی تعداد صرف 17.6 فیصد تک ہے۔

تنہا افراد کو غربت کا بھی زیادہ خطرہ ہوتا ہے۔ سنہ 2023 میں تنہا رہنے والے 29 فیصد لوگوں کو غربت کے خطرے سے دوچار پایا گیا جو مجموعی آبادی کی شرح سے تقریباً دگنا زیادہ ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp