برطانیہ میں کی جانے والی حالیہ طبی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ موسیقی سننا ڈیمینشیا کے مریضوں کے لیے نہ صرف ذہنی دباؤ اور بےچینی میں کمی لاتا ہے بلکہ یہ انہیں پرسکون اور مطمئن رکھنے کا محفوظ، مؤثر اور کم خرچ ذریعہ بھی بن چکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ڈیمینشیا کیا ہے اور اس سے کیسے محفوظ رہا جا سکتا ہے؟
انجلیا رسکن یونیورسٹی اور این ایچ ایس فاؤنڈیشن ٹرسٹ کی تحقیق کے تحت ڈیمینشیا کے مریضوں کو باقاعدگی سے موسیقی سننے، گانے اور موسیقی کے آلات بجانے کی سرگرمیوں میں شامل کیا گیا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ جیسے ہی مریض اپنی پسندیدہ موسیقی سنتے ہیں، ان کے چہروں پر خوشی اور سکون کے آثار ظاہر ہونے لگتے ہیں۔ اس عمل سے نہ صرف ان کے موڈ میں بہتری آتی ہے بلکہ چیخنے، غصہ کرنے اور الجھن جیسے رویوں میں بھی واضح کمی دیکھی گئی ہے۔
تحقیق کے مطابق موسیقی سے نیند بہتر ہوتی ہے، ذہنی کیفیت میں سکون آتا ہے اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ اس تھراپی کے کوئی مضر اثرات سامنے نہیں آئے۔
ہر سیشن ایک تربیت یافتہ ماہر کی نگرانی میں کروایا جاتا ہے، جس میں ہر مریض اپنی دلچسپی کے مطابق سرگرمی کا انتخاب کرتا ہے — کوئی گانے سنتا ہے، تو کوئی ساز بجاتا ہے۔ ماہرین نے بتایا کہ یہ سادہ سی مداخلت مریضوں کی زندگی میں خوشگوار تبدیلی لا سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کیا عمر رسیدہ افراد میں سماعت کی کمی ڈیمینشیا کا باعث بن سکتی ہے؟
ماہرین کے بقول، یہ طریقہ نہ صرف مریضوں کے لیے فائدہ مند ہے بلکہ عملے کے لیے بھی سہولت بخش ہے، کیونکہ اس سے دیکھ بھال کے دوران کئی چیلنجز کم ہو جاتے ہیں۔