ٹانگوں پر سوجن اور ہاتھوں پر نیل، امریکی صدر ٹرمپ کس بیماری میں مبتلا ہوگئے؟

جمعہ 18 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹانگوں پر سوجن اور ہاتھوں پر نیل پڑنے کے بعد کی جانے والی طبی جانچ کے دوران انہیں ‘کرونک وینس انسفیشنسی’ کی تشخیص ہوئی ہے، وائٹ ہاؤس نے جمعرات کے روز تصدیق کی۔

وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیویٹ نے صحافیوں کو بتایا کہ یہ ایک  عام سی کیفیت ہے اور خطرناک بھی نہیں ہے جس میں ٹانگوں کی رگیں خون کو مؤثر طریقے سے دل تک واپس پہنچانے میں ناکام ہو جاتی ہیں۔

ترجمان نے صدر ٹرمپ کے معالج کا خط پڑھ کر سنایا جس میں کہا گیا ہے کہ یہ بیماری 70 سال سے زائد عمر کے افراد میں زیادہ عام ہے۔

یہ بھی پڑھیے ڈاکٹروں کا کہنا ہے ’ ابھی تو میں جواں ہوں ‘ ، امریکی صدر

79 سالہ ٹرمپ بھی امریکی تاریخ کے سب سے عمر رسیدہ صدور میں سے ہیں۔ 2024 کے انتخابی مہم میں انہوں نے صدر جو بائیڈن کی عمر اور دماغی صحت کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ بائیڈن، جو عمر میں ٹرمپ سے 3 سال بڑے ہیں، بعد میں اپنی جماعت کے دباؤ پر انتخابی دوڑ سے دستبردار ہو گئے، اور سابق نائب صدر کمالا ہیرس کو امیدوار بنایا گیا، جو بعد میں ٹرمپ سے الیکشن ہار گئیں۔

مکمل طبی جانچ، سنگین مسئلے کی نفی

ترجمان نے بتایا کہ ٹرمپ کے جسم میں کہیں بھی گہری رگوں میں خون جمنے (Deep Vein Thrombosis) یا شریانوں کی کسی بیماری کی کوئی علامت نہیں پائی گئی۔ ان کے تمام ٹیسٹ معمول کے مطابق آئے۔

ٹرمپ کے دل کی ساخت اور کارکردگی بھی معمول کے مطابق ہے۔ان میں دل کی کمزوری، گردوں کی خرابی یا  جسم کے نظاموں میں کہیں کسی بیماری کا کوئی اشارہ ملا۔

ہاتھوں کے نیل کی وضاحت

ٹرمپ کے ہاتھوں پر نیل پڑنے کی تصاویر نے سوشل میڈیا پر ان کی صحت کے بارے میں قیاس آرائیاں پیدا کر دی تھیں۔ اس پر ترجمان نے وضاحت کی کہ یہ نیل معمولی نرم بافتہ (soft tissue) کی جلن کا نتیجہ ہیں، جو مسلسل مصافحہ (ہینڈ شیکنگ) اور ایسپرین کے استعمال کی وجہ سے پیدا ہوئے ہیں۔ ایسپرین وہ دوا ہے جو عام طور پر دل کے مریضوں میں احتیاطی تدابیر کے طور پر استعمال کی جاتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں امریکی صدر جوبائیڈن چلتے چلتے بری طرح سے گر گئے

اگرچہ امریکی صدر کو قانونی طور پر اپنی صحت سے متعلق معلومات جاری کرنے کی ضرورت نہیں، لیکن عمومی طور پر ہر صدر سالانہ میڈیکل رپورٹ جاری کرتے ہیں۔

یاد رہے کہ 2015 کی انتخابی مہم کے دوران ٹرمپ کے ذاتی معالج ہیرالڈ بورنسٹین نے ایک خط جاری کیا تھا جس میں لکھا گیا تھا’ میں پورے یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ ٹرمپ امریکی تاریخ کے سب سے صحت مند صدر ہوں گے۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp