ماڈل و اداکارہ حمیرا اصغر کی موت کے بعد ان کے بھائی نوید نے حمیرا کے قتل کا شبہ ظاہر کرتے ہوئے ان کے فلیٹ سے متعلق نئے انکشافات کر دیے اور تحقیقات کا دائرہ وسیع کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔
اداکارہ حمیرا اصغر کے بھائی نوید نے بتایا کہ بہن کے اپارٹمنٹ کو کراس کرتے ہیں تو چھوٹی سی لابی ہے ایک لیفٹ سائیڈ پر دروازہ ہے اور دوسری سائیڈ پر حمیرا کے اپارٹمنٹ کا دروازہ تھا۔ انویسٹی گیشن ٹیم نے بتایا کہ پچھلا دروازہ کھلا تھا، جس نے بھی یہ کام کیا ہے بڑی پلاننگ سے کیا ہے۔ ٹیرس والا دروازہ کھلا رکھا گیا تاکہ وینٹی لیشن ہوتی رہے اور بدبو نہ پھیلے۔
اداکارہ کے بھائی کے مطابق حمیرا کا پوری پلاننگ سے قتل کیا گیا ہے، مالک مکان ہے اس سے موبائل فون کا ڈیٹا لیا جائے اور وہ کب سے کراچی میں رہ رہا ہے۔ نوید نے کہا کہ انویسٹی گیشن ٹیم یہ بھی چیک کرے کہ حمیرا کس کےساتھ بیرون ملک جاتی تھی، 90 فیصد خدشات ہیں کہ بہن کو قتل کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اداکارہ حمیرا اصغر کی موت، والدین نے قتل کا شبہ ظاہر کر دیا، بیٹی سے لاتعلقی کی خبروں کی تردید
انہوں نے کہا کہ چیک کیا جائے اس کا آخری پراجیکٹ کون سا تھا ان لوگوں سے رابطہ کریں تاکہ تحقیقات میں چیزوں کا پتہ چل سکے۔ اور اس سے ملنے والے لوگ کون کون تھے۔ حمیرا سے ملنے جلنے والے لوگ ڈرے ہوئے ہیں کیا ان پر کوئی پریشر ہے۔
حمیرا کے بھائی نے بتایا کہ میں پہلی مرتبہ کراچی گیا ہوں جب بہن کا انتقال ہوا ہے، اس سے پہلے مجھے معلوم نہیں تھا کہ وہ کہاں رہتی ہے اور والدہ سے بھی کہا تھا کہ حمیرا سے پوچھیں کہ وہ کراچی میں کس جگہ رہتی ہے لیکن پوچھنے کے باوجود بھی اس نے نہیں بتایا تو کہا کہ مجھے کوئی مسئلہ نہیں ہے، میں ذمہ دار ہوں اور اپنی حفاظت کرنا جانتی ہوں۔
یہ بھی پڑھیں: اداکارہ حمیرا اصغر کیس: تحقیقات میں سی ٹی ڈی کی مدد، موبائل ڈیٹا تجزیے کے لیے حوالے
بہن کے ساتھ رشتے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے نوید کا کہنا تھا کہ ہمارا اس سے ریلیشن ٹھیک تھا۔ شروع میں اس کے شوبز انڈسٹری میں جانے سے مسئلہ تھا لیکن اس کے بات وہ معاملہ ختم ہو گیا تو پھر کوئی اعتراض نہیں تھا۔
حمیرا اصغر کے بھائی نے بتایا کہ جائیداد کا کوئی تنازعہ نہیں تھا اور اس نے کبھی گھر سے پیسے مانگے۔ لوگوں نے شک کی بنیاد پر باتیں کیں لیکن ایسا کچھ نہیں تھا۔ جن لوگوں نے ہمارے خلاف جھوٹی خبریں کیں ان کے خلاف کارروائی کا پورا حق رکھتے ہیں اور ان کے خلاف ایکشن لیں گے میرے پاس سارے اسکرین شاٹ موجود ہیں۔
یاد رہے کہ اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش 8 جولائی 2025 کو کراچی کے ڈی ایچ اے فیز IV میں واقع ایک فلیٹ کے اسٹور روم سے ملی، جہاں وہ 2018 سے تنہا رہ رہی تھیں۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق موت کو تقریباً دس ماہ ہو چکے تھے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان کی وفات اکتوبر 2024 میں ہوئی۔