محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق آج ملک کے بعض علاقوں میں موسم گرم، حبس زدہ اور بعض علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج جمعه کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور شدید حبس رہنے کا امکان ہے۔ تاہم کشمیر، شمال مشرقی پنجاب، خطہ پوٹھوہار اور بالائی خیبر پختونخوا میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔
علاوہ ازیں شمال مشرقی/ جنوبی بلوچستان، جنوبی پنجاب،بالائی / جنوب مشرقی سندھ میں شام / رات کے دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے آج سے سندھ بھر میں بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔ بارشوں کا سلسلہ آج دادو سے شروع ہوگا، اس کے علاوہ سکھر، عمر کوٹ، تھر پارکر، بدین ، سجاول ، کراچی، میر پور خاص، لاڑکانہ، نواب شاہ، شکار پور اور جیکب آباد میں بادل برسنے کا امکان ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ 2 روز کے دوران ملک بھر میں جاری شدید مون سون بارشوں اور سیلابی صورتحال کے نتیجے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 55 افراد جاں بحق اور 227 زخمی ہوگئے۔ یہ اعداد و شمار نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی جانب سے جاری کی گئی تازہ رپورٹ میں سامنے آئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، 26 جون سے ابتک مون سون بارشوں کے دوران 178 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں، جن میں 85 بچے بھی شامل ہیں، جبکہ زخمیوں کی مجموعی تعداد 491 ہو چکی ہے۔
مکانات گرنے، کرنٹ لگنے اور سیلاب بنیادی اسباب
خبر رساں اداروں کے مطابق زیادہ تر اموات مکانات گرنے، کرنٹ لگنے اور سیلابی ریلوں میں بہہ جانے کے باعث ہوئیں۔ ملک کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں نے معمولاتِ زندگی کو شدید متاثر کیا ہے۔
راولپنڈی و اسلام آباد میں موسلادھار بارش، نالہ لئی میں خطرے کی گھنٹی
جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں گزشتہ 2 روز کی مسلسل موسلا دھار بارش کے باعث نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہوگئی تھی۔ حکام نے خطرے کے الارم بجا دیے تھے اور قریبی آبادیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کر دی گئی تھی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، راولپنڈی و اسلام آباد میں 250 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔ ڈھوک کھبہ کے علاقے میں پانی جمع ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔
پنجاب میں دفعہ 144 نافذ، تیراکی اور کشتی رانی پر پابندی
دوسری جانب، پنجاب حکومت نے بارشوں کے باعث دریاؤں، نہروں، ڈیموں، جھیلوں اور تالابوں میں تیراکی اور کشتی رانی پر پابندی عائد کر دی ہے۔ دفعہ 144 کے تحت یہ پابندی 30 اگست 2025 تک نافذ رہے گی۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے نوٹیفکیشن کے مطابق گلیوں، سڑکوں یا عوامی مقامات پر بارش کے پانی میں نہانے پر پابندی ہے۔ بغیر اجازت کشتی چلانا ممنوع قرار دیا گیا ہے۔ جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔