آزاد کشمیر کے ضلع نیلم کے علاقے جاگراں سیری کے مقام پر ایک جیپ گہری کھائی میں جاگری، جس کے نتیجے میں میاں بیوی سمیت 4 افراد جاں بحق جبکہ 4 دیگر زخمی ہو گئے۔
ریسکیو 1122 نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا۔
یہ بھی پڑھیں:کار دریائے نیلم میں جاگری، 6 افراد جاں بحق، ایک بچہ لاپتا
حادثے کا شکار جیپ میں 8 افراد سوار تھے۔ جاں بحق افراد میں حاجی سید عالم اعوان، عرفان چغتائی اور 2 خواتین شامل ہیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کی بنیادی وجہ سڑک کی خستہ حالی ہے جو مقامی آبادی کے لیے مسلسل خطرہ بنی ہوئی ہے۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ سڑک کی حالت کئی عرصے سے خراب ہے لیکن انتظامیہ کی جانب سے مرمت یا بحالی کے کوئی اقدامات نہیں کیے گئے، جس کے باعث یہ سانحہ پیش آیا۔
رواں برس نیلم میں حادثات کی تشویشناک لہر
ریسکیو ذرائع کے مطابق 2025 کے دوران اب تک دریائے نیلم اور اس کے گرد و نواح میں پیش آنے والے ٹریفک و قدرتی حادثات میں 11 سے زائد افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہو چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر: گاڑی دریائے نیلم میں گرنے سے 4 افراد جاں بحق
زیادہ تر حادثات سڑک کی خستہ حالی، حفاظتی اقدامات کی کمی اور خطرناک موڑوں پر حفاظتی رکاوٹیں نہ ہونے کے باعث پیش آئے۔
مقامی عوام نے حکومت سے فوری مطالبہ کیا ہے کہ سڑکوں کی بحالی اور ٹرانسپورٹ کے محفوظ نظام کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں تاکہ مزید قیمتی جانوں کا ضیاع نہ ہو۔