بلوچستان کے ضلع مستونگ میں قومی شاہراہ پر چوتو کے مقام پر نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے فورسز کی گاڑی پر فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ پولیس کے مطابق حملے کا نشانہ بلوچستان کانسٹیبلری کے افسر کی سرکاری گاڑی بنی، جس میں ایک اہلکار شہید جبکہ 3 زخمی ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیں:ترجمان بلوچستان حکومت نے مستونگ میں 4 دہشتگردوں کی ہلاکت کی تصدیق کردی
ترجمان حکومت بلوچستان کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب ایکٹنگ ڈی ایس پی کی گاڑی مستونگ کے علاقے سے گزر رہی تھی۔ واقعے کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔
شہید ہونے والے اہلکار کی میت اور زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر نواب غوث بخش رئیسانی اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ حملہ اچانک کیا گیا اور فورسز کی جانب سے جوابی فائرنگ پر حملہ آور موقع سے فرار ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیں:مستونگ میں پولیو ٹیم پر فائرنگ، 2 لیویز اہلکار جانبحق
ترجمان بلوچستان حکومت نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملہ آوروں کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا اور واقعے کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں۔