یومِ قراردادِ الحاق پاکستان کے موقع پر پابندِ سلاسل کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ، مشال ملک نے ایک ویڈیو پیغام میں کشمیری عوام کے پاکستان سے رشتے، جدوجہد آزادی اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
اسلام آباد سے جاری بیان میں مشال ملک نے کہا کہ آج کا دن کشمیری قوم کی طرف سے پاکستان کے ساتھ وابستگی، امیدوں، اعتبار اور محبت کی تجدید کا دن ہے۔ کشمیریوں نے حق خودارادیت کے حصول کے لیے پاکستان سے جو امیدیں وابستہ کیں، اس کی دنیا میں کوئی نظیر نہیں ملتی۔
مزید پڑھیں: یاسین ملک کے خلاف 34 سال پرانے مقدمے کا نیا موڑ بھارتی حکومت کے الزامات پر سوالات اٹھنے لگے
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کشمیریوں کی حمایت میں جنگیں لڑیں، دشمن کے وار کا سامنا کیا، شہادتیں دیں اور مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اللہ کرے وہ دن آئے جب اقوامِ متحدہ کے برف خانوں میں دبی قراردادیں عمل کی شکل اختیار کریں، اور کشمیری قوم کو آزادی، عزت اور وقار حاصل ہو۔
مشال ملک نے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں حریت قیادت کو دبانے، عوام کو کچلنے اور خطے کی جغرافیائی حیثیت کو تبدیل کرنے کی سازشوں میں مصروف ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ آخر اور کتنی نسلیں قربانی دیں گی؟
اپنے جذباتی پیغام کے اختتام پر مشال ملک نے دعا کی کہ اللہ کرے کشمیریوں کی امیدیں، دعائیں اور جدوجہد رنگ لائیں، اور وہ دن آئے جب ہر کشمیری کو آزادی نصیب ہو۔