جارحانہ کرکٹ کھیلنے کے لیے تیار ہیں: سلمان آغا بنگلہ دیش کے خلاف سیریز سے قبل پُرجوش

ہفتہ 19 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان ٹی20 کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا کا کہنا ہے کہ ٹیم کسی دباؤ کا شکار نہیں، تمام تر توجہ بنگلادیش کے خلاف اچھی اور مثبت کرکٹ کھیلنے پر مرکوز ہے۔

ڈھاکا میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سلمان علی آغا نے بابراعظم اور محمد رضوان کو ورلڈ کلاس کرکٹرز قرار دیا اور کہا کہ دونوں کھلاڑیوں نے ہمیشہ پاکستان کے لیے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بنگلہ دیش کے خلاف ٹی 20 سیریز، قومی کھلاڑیوں کی شیربنگال اسٹیڈیم میں پریکٹس

انہوں نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ ہر 6 ماہ یا سال کے ساتھ بدل رہا ہے، اور ہم اس فارمیٹ کی تبدیلی کے مطابق جارحانہ انداز اپنانا چاہتے ہیں۔ ان کے بقول ٹیم میں ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو مطلوبہ جارحانہ کرکٹ کھیلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

سلمان علی آغا نے واضح کیا کہ کنڈیشنز ہر میچ میں فیصلہ کن کردار ادا کرتی ہیں اور پاکستانی ٹیم بنگلادیش کی کنڈیشنز سے بخوبی واقف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کے کئی کھلاڑی بنگلادیشی لیگ کھیل چکے ہیں، جس کے باعث وہ یہاں کے حالات سے ہم آہنگ ہیں۔

کپتان نے بنگلادیش کو ایک مضبوط حریف قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ٹیم دنیا کے کسی بھی گراؤنڈ میں مقابل ٹیم کے لیے چیلنج ثابت ہوتی ہے، تاہم پاکستان کی ٹیم میچ کی صورتحال اور کنڈیشنز کے مطابق کھیلنے کے لیے مکمل تیار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈھاکہ کی کنڈیشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے کراچی میں لگائے گئے کیمپ میں خاص پچز تیار کی گئیں، تاکہ کھلاڑی خود کو مقامی حالات کے مطابق ڈھال سکیں۔ کیمپ میں سناریو بیس میچز کے ذریعے کھلاڑیوں کی مہارت بہتر بنانے پر کام کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: ٹی20 ورلڈ کپ کے حوالے سے کیا پلاننگ ہے، کپتان سلمان آغا نے بتادیا

واضح رہے کہ پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز کل سے ہو رہا ہے، اور اس حوالے سے ٹرافی کی رونمائی بھی ہو چکی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp