بلوچستان: مرد و خاتون کے بہیمانہ قتل کی ویڈیو وائرل، وزیراعلیٰ کا نوٹس، ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم

اتوار 20 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بلوچستان میں ایک مرد اور خاتون کے سفاکانہ قتل کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ملوث عناصر کی فوری گرفتاری اور جامع تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند کے مطابق وزیراعلیٰ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی ہے کہ واقعے کے مقام کی فوری نشاندہی کی جائے اور اس میں ملوث تمام ملزمان کو جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

مزید پڑھیں: لڑکی کی محبت میں جنس تک تبدیل کرانے والے کے ہاتھوں معشوقہ کا بہیمانہ قتل

وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے واقعے پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس نوعیت کی درندگی نہ صرف ناقابل برداشت ہے بلکہ معاشرتی اقدار اور انسانی وقار کی صریح توہین ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا اور کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

ترجمان نے کہا کہ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں نظر آنے والا ظلم ہر سطح پر قابل مذمت ہے اور حکومت بلوچستان اس دل دہلا دینے والے واقعے پر خاموش تماشائی نہیں بنے گی۔ ملوث افراد کو انصاف کے تقاضوں کے مطابق سخت ترین سزا دلوانے کے لیے تمام قانونی ذرائع بروئے کار لائے جائیں گے۔

مزید پڑھیں: کراچی میں بہیمانہ طریقے سے قتل کیے گئے باپ بیٹا کون ہیں؟

حکومت بلوچستان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ویڈیو میں نظر آنے والے ملزمان کی شناخت میں مدد کریں اور اس افسوسناک واقعے میں ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے اپنا مؤثر اور ذمہ دارانہ کردار ادا کریں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp