خیبرپختونخوا اسمبلی کا اہم اجلاس آج کچھ ہی دیر میں شروع ہونے جا رہا ہے، جس میں مخصوص نشستوں پر کامیاب ہونے والے 25 نئے اراکین اسمبلی حلف اٹھائیں گے، تاہم اجلاس کے آغاز سے قبل اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباد نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اہم سیاسی پیغام دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:خیبرپختونخوا اسمبلی اجلاس کورم کے باعث ملتوی، اپوزیشن کا اسپیکر ڈائس کے سامنے احتجاج
ڈاکٹر عباد نے کہا کہ “حلف برداری کے لیے ہماری مائیں، بہنیں دور دراز علاقوں سے آئی ہیں، میرا نہیں خیال کہ کوئی ان کے جذبے کے سامنے رکاوٹ بنے گا۔” تاہم ان کا کہنا تھا کہ “اگر کوئی گڑبڑ ہوئی تو ہمارے پاس اور آپشن بھی موجود ہیں، ہم اتنے گئے گزرے نہیں کہ کچھ نہ کر سکیں۔”
اپوزیشن کا حکومت اور پی ٹی آئی کے ساتھ سینیٹ نشستوں پر 6 اور 5 کا فارمولا طے ہے۔ اگر امیدواروں کی تعداد 11 سے زیادہ ہوئی تو سینیٹ انتخابات کی مشق کرائی جائے گی۔ لیکن اپوزیشن اور حکومت کا معاہدہ تاحال برقرار ہے۔ اپوزیشن لیڈرڈاکٹر عباد اللہ pic.twitter.com/cWiDXbCyQ4
— WE News (@WENewsPk) July 20, 2025
انہوں نے مزید کہا کہ یہ پی ٹی آئی ہے، ان سے کچھ بھی توقع کی جا سکتی ہے، لیکن اگر کورم پوائنٹ آؤٹ کر دیا گیا تو ہم متبادل راستہ اختیار کریں گے۔ ڈاکٹر عباد نے کہا کہ سینیٹ الیکشن کے حوالے سے ہماری حکومت سے بات چیت ہوئی ہے اور ہم اپنے مؤقف پر قائم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر پی ٹی آئی کے کارکن ناراض ہیں تو یہ ان کا مسئلہ ہے۔
ادھر خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس صبح 9 بجے طلب کیا گیا تھا، وقت ہوتے ہی اسمبلی ہال میں روایتی گھنٹیاں بجائی گئیں، تاہم اجلاس تاحال شروع نہیں ہو سکا۔ نومنتخب ارکان کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، لیکن حکومتی بنچوں کے اراکین تاحال غیر حاضر ہیں۔
آج حلف اٹھانے والے 25 نومنتخب ارکان میں جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے 9، مسلم لیگ (ن) کے 8، پاکستان پیپلز پارٹی کے 5، عوامی نیشنل پارٹی کے 2 اور پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرینز کا 1 رکن شامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں:سینیٹ الیکشن کا معمہ: خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی نے پانچویں نشست کیوں گنوائی؟
اجلاس کی صدارت اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی کریں گے، جبکہ توقع ہے کہ حلف برداری کے بعد ایوان میں سیاسی صورتحال اور سینیٹ انتخابات سے متعلق آئندہ کی حکمت عملی پر بھی مشاورت کی جائے گی۔