سندھ حکومت نے صوبے کے نوجوانوں کو ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لیے باقاعدہ طور پر ڈیجیٹل ٹریننگ پروگرامز کا آغاز کردیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ہواوے 3 لاکھ پاکستانی نوجوانوں کو ڈیجیٹل تربیت فراہم کرےگا، وزیراعظم کو بریفنگ
صوبائی وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ پیپلز انفارمیشن ٹیکنالوجی پروگرام نوجوانوں کو ڈیجیٹل معیشت کا حصہ بنانے کی ایک مثالی کوشش بن چکا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پروگرام کے پہلے مرحلے میں اب تک 35 ہزار 565 طلبہ کو جدید آئی ٹی شعبوں میں تربیت دی گئی ہے، جبکہ نمایاں کارکردگی دکھانے والے 300 طلبہ کو میرٹ کی بنیاد پر گوگل کروم بکس اور لیپ ٹاپس بھی فراہم کیے گئے۔
شرجیل میمن کے مطابق پروگرام کا دوسرا مرحلہ شروع کیا جا چکا ہے، جس کے لیے سندھ حکومت نے 1.4 ارب روپے کا بجٹ مختص کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ کی نجی اکیڈمی نے نوجوانوں کو ڈیجیٹل معیشت سے جوڑ دیا
انہوں نے کہاکہ حکومت نہ صرف نوجوانوں کو معیاری تعلیم فراہم کررہی ہے بلکہ انہیں عملی میدان میں بھی تیار کررہی ہے تاکہ وہ ملک کی معیشت میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔