سنگاپور میں ہونے والے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے سالانہ اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ 2027، 2029 اور 2031 کے فائنلز کی میزبانی انگلینڈ کو سونپی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: چیمپیئنز ٹرافی 2025: آئی سی سی اجلاس دوبارہ کیوں ملتوی ہوا؟
آئی سی سی کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کو یہ میزبانی گزشتہ ڈبلیو ٹی سی فائنلز کے کامیاب انعقاد کی بنیاد پر دی گئی ہے۔
اعلامیے میں مزید بتایا گیا ہے کہ اجلاس کے دوران بے گھر افغان خواتین کرکٹرز کی مدد سے متعلق ایک تفصیلی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔
آئی سی سی کا کہنا ہے کہ ویمنز ورلڈکپ اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں افغان خواتین کھلاڑیوں کی شمولیت کے ذریعے انہیں سپورٹ فراہم کرنا ہے۔
یو ایس اے کرکٹ کے حوالے سے آئی سی سی نے اپنا پچھلا مؤقف دہراتے ہوئے اسے تین مہینے کی مہلت دی ہے۔
اعلامیے کے مطابق یو ایس اے کرکٹ اس مدت کے اندر انتظامی اصلاحات اور شفاف انتخابات کرانے کی پابند ہوگی۔
اجلاس میں فرانس، ہانگ کانگ اور کینیڈا کرکٹ کو آئی سی سی چیف ایگزیکٹو کمیٹی میں ایسوسی ایٹ ممبر نمائندہ کے طور پر شامل کیا گیا ہے، جبکہ مشرقی تیمور اور زیمبیا کو دو نئے ایسوسی ایٹ ممبرز کے طور پر آئی سی سی فیملی کا حصہ بنا دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی اجلاس میں پاک بھارت دوطرفہ ٹی20 سیریز کی بات نہیں ہوئی، بھارتی میڈیا کا دعویٰ
اعلامیے کے مطابق 2 نئے ممبران کی شمولیت کے بعد آئی سی سی کے کل اراکین کی تعداد 110 ہوگئی ہے۔














