چیمپیئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی کے تعین سے متعلق ہونے والی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) کی بورڈ میٹنگ آج پھر ملتوی ہوگئی ہے۔ گزشتہ روز بھی چیمپیئنز ٹرافی کے مقام کے تعین سے متعلق فیصلہ نہیں ہو سکا تھا جس کے بعد اجلاس کو آج تک ملتوی کیا گیا تھا۔
آئی سی سی ذرائع کے مطابق بورڈ میٹنگ آج نہیں ہوگی، پاکستان کرکٹ بورڈ اپنے مؤقف پر قائم ہے جبکہ بی سی سی آئی نے پاکستان کے سخت مؤقف کے بعد مزید وقت مانگا ہے۔ چیمپیئنز ٹرافی پاکستان میں ہونے یا نہ ہونے سے متعلق آج آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں فیصلہ ہونا تھا۔
بورڈ میٹنگ آئندہ 48 گھنٹے میں ہونے کا امکان ہے جبکہ آئی سی سی چیئرمین گریگ بارکلے کی عہدے کی مدت میں بھی ایک ماہ کی توسیع کا امکان ہے۔ گریگ بارکلے کے عہدے کی میعاد 30 نومبر تک تھی اور یکم دسمبر سے بھارت سے تعلق رکھنے والے جے شاہ نے آئی سی سی چیئرمین کا عہدہ سنبھالنا تھا۔
مزید پڑھیں: چیمپیئنز ٹرافی کے مستقبل کا فیصلہ نہ ہوسکا، آئی سی سی بورڈ میٹنگ کل تک ملتوی
پاکستان نے بورڈ میٹنگ سے پہلے چیمپیئنز ٹرافی کا قابل قبول فارمولا مانگا تھا اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے پاکستان کے واضح مؤقف سے آئی سی سی کو آگاہ کیا تھا۔ محسن نقوی نے کہا تھا ہم زخم سہہ لیں گے لیکن عزت پر بات نہیں آنے دیں گے، چیمپیئنز ٹرافی کے سارے انتظامات مکمل کرچکے ہیں۔
بھارت کے پاکستان آنے سے انکار نے معاملہ اُلجھا رکھا ہے اور پی سی بی کا کہنا ہے کہ ہائبرڈ کے تحت نیوٹرل وینیو پر بھارت کے ساتھ میچ قابل قبول نہیں۔ بھارت چیمپیئنز ٹرافی پاکستان سے باہر لے جانے کے لیے لابنگ کر رہا ہے لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ کوئی بھی آپشن اپنی شرائط کے بغیر تسلیم نہیں کرے گا۔