ورلڈ چیمپیئنز شپ آف لیجنڈز (ڈبلیو سی ایل) میں آج پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والا میچ منسوخ کیے جانے پر سابق کپتان شاہد آفریدی کا ردعمل سامنے آگیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہاکہ کرکٹ کو سیاست کی نذر نہیں کرنا چاہیے، ماضی میں ہم نے کرکٹ کے ذریعے اپنے تعلقات بہتر کیے ہیں، اور اسپورٹس ڈپلومیسی سے بہتر کچھ نہیں کیونکہ یہ دلوں کو قریب لاتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: شاہد آفریدی کا خوف، پاک بھارت لیجنڈز کرکٹ میچ منسوخ، شائقین میں شدید مایوسی
ان کا کہنا تھا کہ جب تک ہم بیٹھ کر بات نہیں کریں گے، مسائل حل نہیں ہوں گے بلکہ مزید بڑھیں گے۔ اگر ہر معاملے کو سیاست سے جوڑ دیا جائے تو پھر کسی مسئلے کا حل ممکن نہیں۔
شاہد آفریدی نے کہاکہ وہ برمنگھم میں کھیلنے آئے تھے اور بھارت کے خلاف میچ کے لیے بھرپور تیاری بھی کی تھی، لیکن اگر بھارت نے کھیلنا ہی نہیں تھا تو پہلے ہی مطلع کر دیتے۔
انہوں نے بتایا کہ پوری پاکستانی ٹیم بھارت کے خلاف میچ کھیلنے کے لیے پُرجوش تھی تاکہ دونوں ٹیمیں آپس میں مل بیٹھ کر بات چیت کر سکیں، کیونکہ جو قوم آگے بڑھنا چاہتی ہے، وہ چھوٹی باتوں پر نہیں لڑتی۔
سابق کپتان نے کہاکہ کسی کو بھی اپنے ملک کے لیے شرمندگی کا باعث نہیں بننا چاہیے۔
انہوں نے انکشاف کیاکہ بھارتی ٹیم کھیلنے آئی تھی لیکن ایک فرد کے رویے نے پوری ٹیم کو مایوس کیا۔ آفریدی کے مطابق ’ایک آدھ انڈا خراب ہو تو اس کا اثر سب پر پڑتا ہے۔‘
انہوں نے بھارت کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ سب سے پہلے اسپورٹس ہے، اسپورٹس سے بڑھ کر کچھ نہیں۔ اگر کسی کو ان سے کوئی مسئلہ تھا تو وہ اسٹیڈیم ہی نہ آتے، لیکن میچ کو منسوخ نہیں ہونا چاہیے تھا۔
یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان آج اتوار کو برمنگھم میں میچ ہونا تھا، تاہم ٹورنامنٹ منتظمین کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق یہ میچ منسوخ کردیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ٹیم کی جانب سے پہلے مطالبہ کیا گیا تھا کہ شاہد آفریدی کو پلیئنگ الیون سے باہر رکھا جائے۔ بھارتی کھلاڑی شیکھر دھون، یوسف پٹھان، عرفان پٹھان اور ہربھجن سنگھ نے میچ کھیلنے کی مخالفت کی۔
بھارتی میڈیا میں بھی اس میچ کے انعقاد پر تنقید کی گئی اور شدید دباؤ کے باعث منتظمین نے میچ منسوخ کرنا ہی بہتر سمجھا۔
یہ بھی پڑھیں: ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز 2025: پاکستان چیمپیئنز نے انگلینڈ کو 5 رنز سے ہرادیا
واضح رہے کہ ڈبلیو سی ایل کے افتتاحی میچ میں محمد حفیظ کی قیادت میں پاکستان نے انگلینڈ کو شکست دی تھی۔ ٹورنامنٹ کے دیگر میچز شیڈول کے مطابق جاری رہیں گے۔