سابق آل راؤنڈر عماد وسیم ان دنوں سوشل میڈیا انفلوئنسر نائلہ راجا کے ساتھ مبینہ تعلقات کی افواہوں کے باعث زِیر بحث ہیں۔
سوشل میڈیا پر یہ خبریں گردش کر رہی ہیں کہ عماد وسیم اور ان کی اہلیہ ثانیہ اشفاق کے درمیان علیحدگی ہو چکی ہے، جس کی بنیادی وجہ مبینہ طور پر عماد وسیم کی جانب سے بے وفائی بتائی جا رہی ہے۔
ثانیہ اشفاق نے حال ہی میں فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنے بیٹے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ میں نے تمہیں 9 ماہ تک تنہا اپنی کوکھ میں رکھا، اللہ مجھے آگے کے سفر کے لیے مزید طاقت دے، زایان۔ ان کی اس پوسٹ کے بعد صارفین یہ کہتے نظر آئے کہ دونوں میں علیحدگی ہو چکی ہے اس لیے اس پوسٹ میں عماد وسیم کا کہیں بھی ذکر موجود نہیں ہے۔
View this post on Instagram
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بھی وائرل ہو رہی ہے جس میں عماد وسیم کو ایک لڑکی کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے جس کے بعد کرکٹر پر اہلیہ سے بے وفائی کا الزام لگایا گیا۔
عماد وسیم اور ان کی اہلیہ کی جانب سے ان افواہوں پر ابھی تک کوئی ردعمل نہیں آیا ہے، تاہم سوشل میڈیا انفلیوئنسر نائلہ راجا نے سوشل میڈیا پر ان افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عماد وسیم سے اتفاقاً ہوئی تھی، اس کے پیچھے کوئی اور مقصد نہیں تھا۔
واضح رہے کہ ثانیہ اشفاق نے عماد وسیم کے ساتھ اپنی تمام تصاویر بھی ڈیلیٹ کر دی ہیں۔ البتہ عماد کے اکاؤنٹ پر اب بھی اہلیہ کے ساتھ تصاویر موجود ہیں اور دونوں ایک دوسرے کو فالو کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کرکٹ ورلڈ کپ میں آسٹریلیا سے شکست: عماد وسیم کی بابر اعظم پر شدید تنقید
صارفین کے مطابق عماد وسیم کی اہلیہ نے انسٹاگرام پر اپنی بائیو پر درج معلومات بھی تبدیل کر دی ہیں۔ پہلے وہاں پر عماد وسیم کی اہلیہ لکھا ہوا تھا، مگر اب ان کی بائیو میں صرف عنایا عماد اور ریان عماد کی ماما لکھا ہوا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل عماد وسیم کی ایک افغان لڑکی کے ساتھ تصاویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں، کرکٹر اور افغان خاتون کے درمیان واٹس ایپ پر ہونے والی چیٹ کا مبینہ اسکرین شاٹ بھی سامنے آیا تھا جس میں عماد وسیم مبینہ طور پر اس خاتون کو شادی کی پیشکش کر رہے ہیں۔ عماد وسیم نے خاتون کے تمام الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان تصاویر کو فوٹو شاپ کی مدد سے تیار کیا گیا ہے۔