ایف آئی اے کی جدید تنظیم نو کا فیصلہ، محسن نقوی نے جامع پلان طلب کرلیا

پیر 21 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایف آئی اے ہیڈکوارٹر اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ادارے کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ متعدد اہم اقدامات کا اعلان کیا۔

دورے کا آغاز وزیر داخلہ کی ایف آئی اے کے شہدا کی یادگار پر حاضری سے ہوا، جہاں انہوں نے پھول چڑھائے اور شہدا کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے فاتحہ خوانی کی۔

بعد ازاں، وزیر داخلہ نے ایف آئی اے ہیڈکوارٹر میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی، جس میں ادارے کی تنظیم نو، جدید تقاضوں کے مطابق اصلاحات، اور سروس ڈلیوری میں بہتری سے متعلق تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔

محسن نقوی نے ایف آئی اے کی جدید خطوط پر تنظیمِ نو کے لیے جامع پلان طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ قوانین و ضوابط میں ضروری ترامیم پر فوری کام کا آغاز کیا جائے۔ وزیر داخلہ نے ایف آئی اے کے لیے جدید ٹیکنالوجی، مطلوبہ ہتھیاروں، اور فاسٹ ٹریک امیگریشن کاؤنٹرز کی منظوری بھی دی، تاکہ ادارہ عوام اور حکومت کی توقعات پر پورا اتر سکے۔

انہوں نے غیر قانونی امیگریشن میں ملوث مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بے رحمانہ کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ایف آئی اے کو ملک کی بدنامی کے ذمہ دار عناصر کا ہر ممکن طور پر سدباب کرنا ہوگا۔

محسن نقوی نے ایئرپورٹس پر امیگریشن عمل کو شہریوں کے لیے سہل بنانے اور ایف آئی اے اکیڈمی کو نئی الاٹ کی گئی زمین پر منتقل کرنے کی بھی ہدایت جاری کی۔ علاوہ ازیں، انہوں نے کراچی زونل آفس کی جلد از جلد بحالی اور ایف آئی اے ہیڈکوارٹر کی عمارت کی مرمت کے لیے ماسٹر پلان طلب کیا۔

وزیر داخلہ نے ادارے میں اسٹاف کی کمی کا نوٹس لیتے ہوئے منظور شدہ خالی آسامیوں پر فوری بھرتیوں کا حکم بھی دیا، جبکہ ایف آئی اے کے تربیتی نصاب کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈھالنے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، سیکریٹری داخلہ، چیئرمین سی ڈی اے، ڈی جی ایف آئی اے راجہ رفعت مختار اوردیگراعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے، ڈی جی ایف آئی اے نے وزیر داخلہ کو ادارے میں جاری اصلاحات سے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp