اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیر اعظم عمران خان کی رہائی کے لیے سیاسی تحریک کا آغاز کرتے ہوئے صدر پی ٹی آئی لاہور شیخ امتیاز محمود نے ڈپٹی کمشنر لاہور کو 5 اگست کو مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت کے لیے باقاعدہ درخواست دے دی
پی ٹی آئی لاہور کے صدر اور رکن پنجاب اسمبلی نے 5 اگست 2025 کو مینارِ پاکستان لاہور یا کسی متبادل موزوں اور آسان رسائی والے مقام پر عوامی جلسے کے انعقاد کے لیے اجازت نامے کے اجرا کی باضابطہ درخواست میں بتایا ہے کہ مجوزہ جلسہ شام 4 بجے سے رات 10 بجے تک منعقد کیا جائے گا۔
5 اگست کے لئے مینار پاکستان میں خان کی رہائی کے لئے جلسہ کی درخواست ڈپٹی کمشنر آفس میں جمع کرا دی گئی ھے ۔ pic.twitter.com/CJaVQIutKA
— Sheikh Imtiaz Mehmood (@SheikhImtiazPK) July 22, 2025
درخواست گزار کے مطابق جلسے میں پارٹی قیادت، اراکینِ اسمبلی اور ملک بھر سے بڑی تعداد میں عوام کی شرکت متوقع ہے۔ اس مقصد کے لیے متعلقہ اداروں سے سیکیورٹی، ٹریفک پلان، اور دیگر انتظامی اُمور کی بروقت تکمیل کے لیے تعاون کی اپیل کی گئی ہے۔
درخواست میں آئین کے مختلف آرٹیکلز کا حوالہ دیتے ہوئے اس امر پر زور دیا گیا ہے کہ آئینِ پاکستان 1973 کے تحت پرامن اجتماع کا حق ایک بنیادی آئینی حق ہے، درخواست میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ جلسے کے بروقت اور مؤثر انتظامات کے لیے جلد از جلد قانونی ضوابط کے مطابق این او سی جاری کیا جائے تاکہ عوامی اجتماع پرامن اور منظم انداز میں منعقد ہو سکے۔