فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے رہنما خالد مشعل اور جمعیت علما اسلام کے امیر مولانا فضل الرحمان کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو ہوئی، جس میں غزہ کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ٹیلیفونک رابطے کے دوران خالد مشعل نے مولانا فضل الرحمان کو غزہ میں خوراک اور ادویات کی شدید قلت سے آگاہ کیا۔
انہوں نے اپیل کی کہ پاکستان حکومت انسانی بنیادوں پر فوری کردار ادا کرے اور دواؤں کی رسد کے لیے راستہ کھولنے میں اپنا سفارتی اثرورسوخ استعمال کرے۔
اس موقع پر مولانا فضل الرحمان نے بتایا کہ وہ سیاسی اور مذہبی جماعتوں کا اجلاس بلا رہے ہیں، جس میں حکومت پاکستان سے متفقہ مطالبہ کیا جائے گا کہ وہ غزہ میں امداد کی فراہمی اور فلسطینیوں کی حمایت میں مؤثر اقدامات کرے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مذہبی جماعتوں کے ایجنڈے میں غزہ اور فلسطین کو اولین ترجیح حاصل ہے، اور اس کاز کے لیے قومی سطح پر آواز بلند کی جائے گی۔