پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 9 مئی کے ملزمان کو سنائی گئی سزاؤں پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ متنازع فیصلوں سے عوام کا عدالتوں سے اعتماد اٹھ گیا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے سلمان اکرم راجا، بابر اعوان اور دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ عدلیہ کے متنازع فیصلوں میں آج ایک اور اضافہ ہوگیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: 9 مئی کیس: شاہ محمود قریشی بری، یاسمین راشد، محمودالرشید، اعجاز چوہدری، عمر سرفراز چیمہ کو 10،10 سال قید کی سزا
انہوں نے کہاکہ سزائین قانون کے تقاضوں کو پورا کیے بغیر دی گئیں، آج کے فیصلے سے ظاہر ہورہا ہے کہ عدالتیں ناکام ہوگئی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی نے ہمیشہ 9 مئی کے واقعات کی مذمت کی ہے، ہمیں صفائی کا موقع ملنا چاہیے۔ یہ تیسرا کیس ہے جس میں ہمارے رہنماؤں کو سزا سنائی گئی ہے۔
اب ہمٰیں فیصلہ کرنا ہوگا کہ ملک میں کیسا نظام چاہیے، سلمان اکرم راجا
اس موقع پر پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے کہاکہ اب ہمیں فیصلہ کرنا ہوگا کہ ہمیں کس قسم کا نظام چاہیے، سوچنا ہوگا کہ اب ہم نے ملک کو کہاں لے کر جانا ہے۔
انہوں نے کہاکہ کہا جاتا ہے کہ ایک سازش کی گئی جس کی پلاننگ عمران خان نے کی۔ ایک گواہ کہتا ہے کمرے میں داخل ہوکر صوفے کے پیچھے چھپا تھا۔ ایک عجیب مذاق چل رہا ہے جیسے یہ سلیمانی ٹوپی پہن کر کمرے میں داخل ہوئے۔
فیصلے سپریم کورٹ میں چیلنج کریں گے، بابر اعوان
پی ٹی آئی رہنما بابر اعوان نے کہاکہ عمران خان کی جانب سے دی گئی احتجاج کی کال کے باعث یہ فیصلے آرہے ہیں، ہم یہ فیصلے سپریم کورٹ میں چیلنج کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: 9 مئی کیس: اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی احمد خان بھچر سمیت پی ٹی آئی کارکنوں کو 10،10 سال قید کی سزا
واضح رہے کہ لاہور اور سرگودھا کی عدالتوں نے آج 9 مئی کے کیسز کے فیصلے سنا دیے ہیں، جس کے مطابق شاہ محمود قریشی بری ہوگئے ہیں۔ جبکہ اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی احمد خان بھچر، ڈاکٹر یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ اور اعجاز چوہدری کو 10،10 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔