2 گھنٹے میں پی آئی اے کا ٹکٹ 19 سے 39 ہزار کیسے ہو گیا؟

منگل 9 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی قادر مندوخیل نے کہا ہے کہ ’چند روز قبل میں نے اسلام آباد تا کراچی ٹکٹ 19 ہزار میں خریدا، محض 2 گھنٹے بعد اسلام آباد تا کراچی ٹکٹ 39 ہزار کا خریدا۔‘ وزارت ہوا بازی بتائے کہ 2 گھنٹے میں ٹکٹ 20 ہزار کیوں اور کیسے مہنگا ہوا؟

قومی اسمبلی اجلاس میں قادر مندوخیل نے قومی ایئر لائن پی آئی اے کے کرایوں میں اضافے کے معاملے پر توجہ دلاؤ نوٹس پیش کیا تو پارلیمانی سیکریٹری وزارت ہوا بازی کرن عمران ڈار نے ایوان میں جواب دیا کہ تمام ایئر کمپنیاں بزنس مینجمنٹ سسٹم کے تحت کام کرتی ہیں، ڈالر کی قیمت میں اتار چڑھاؤ ٹکٹ کی قیمت پر اثر انداز ہوتا ہے۔ پارلیمانی سیکریٹری نے یہ بھی کہا کہ پی آئی اے اور نجی ایئر لائنز کے کرایوں میں زیادہ فرق نہیں ہے۔

قومی اسمبلی اجلاس میں‌ ایئرپورٹس کے حوالے سے خورشید احمد جونیجو نے بھی ایک معاملہ اٹھایا، انہوں‌ نے کہا ملک میں‌ 49 ایئر پورٹس ہیں، لیکن ان میں‌ سے 19 بند پڑے ہوئے ہیں، اور جو ایئر پورٹس فعال ہیں، وہاں کرایہ اتنا رکھ دیا گیا ہے کہ لوگ سفر نہیں کر سکتے۔ خورشید احمد نے کہا سکھر کا کرایہ 52 ہزار روپے تک ہے، لوگ کیسے سفر کریں گے، جو ایئر پورٹس بند ہیں وہ فعال کیے جائیں تاکہ لوگوں کو سہولت مل سکے۔

پارلیمانی سیکریٹری کرن ڈار نے جواب دیا کہ متعلقہ ایئر پورٹس اور ایئر لائن حکام ہم سے رابطہ کریں تو این او سی دیا جا سکتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp