پیراماؤنٹ کا ٹرمپ سے خفیہ تصفیہ: سینیٹر وارن نے رشوت کی تحقیقات کا مطالبہ کر دیا

جمعہ 25 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

فلمی ادارے پیراماؤنٹ گلوبل نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ تصفیہ کر لیا، جنہوں نے سی بی ایس نیوز پر 20 ارب ڈالر ہرجانے کا مقدمہ کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:ہیلری کلنٹن کیخلاف غیرسنجیدہ مقدمہ کرنے پر ٹرمپ پر لاکھوں ڈالر جرمانہ

یہ مقدمہ ایک انٹرویو کی ایڈیٹنگ پر دائر کیا گیا تھا، جس میں ان کی ڈیموکریٹ حریف اور اُس وقت کی نائب صدر کمالا ہیرس شامل تھیں۔

سینیٹر الزبتھ وارن

یہ تصفیہ آزادیٔ صحافت کے علمبرداروں کو پریشان کر رہا ہے، جو اسے صحافت پر حملہ اور جمہوری اصولوں کے خلاف سمجھتے ہیں۔ کچھ ڈیموکریٹس نے اسے رشوت کے قانون کی ممکنہ خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

سینیٹر وارن کا ردعمل

سینیٹر الزبتھ وارن (ڈیموکریٹ، میساچوسٹس) نے مطالبہ کیا ہے کہ اس تصفیے کی مکمل تحقیقات کی جائیں تاکہ یہ واضح ہو سکے کہ رشوت کے قوانین تو نہیں ٹوٹے۔

وارن نے الزام لگایا کہ پیراماؤنٹ نے کانگریس کی انکوائری میں تعاون نہیں کیا اور اعلان کیا کہ وہ ایک نیا قانون متعارف کروائیں گی تاکہ ’کرپٹ‘ صدارتی لائبریریوں کو دی جانے والی عطیات کو روکا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ جب ایک طرف پیراماؤنٹ صدر ٹرمپ سے تصفیہ کرتا ہے اور دوسری طرف اس کا اربوں ڈالر کا مرجر حکومت کی منظوری کا محتاج ہوتا ہے، تو یہ کھلی رشوت ہو سکتی ہے۔

مقدمہ، تصفیہ اور تفصیلات

فریقین نے عدالت سے کہا تھا کہ وہ مقدمے کی کارروائی روک دے کیونکہ تصفیے کی بات چیت جاری ہے، جسے عدالت نے یکم جولائی کو منظور کر لیا۔

یہ بھی پڑھیں:ٹرمپ کا وال اسٹریٹ جرنل پر 10 ارب ڈالر ہتکِ عزت کا دعویٰ

پیراماؤنٹ نے ٹرمپ کی صدارتی لائبریری کو 16 ملین ڈالر کی ادائیگی پر رضامندی ظاہر کی (وکلا کی فیس الگ ہوگی)، لیکن اس میں کسی معذرت یا ندامت کا اظہار شامل نہیں۔ صرف یہ طے پایا کہ آئندہ 60 منٹ کے انٹرویوز کی مکمل تحریری نقل شائع کی جائے گی۔

مقدمے کی نوعیت

ٹرمپ نے الزام لگایا کہ 60 منٹ کے انٹرویو میں ہیرس کے جواب کو اس طرح ایڈٹ کیا گیا کہ ایک ہی جواب کو 2 الگ طریقے سے پیش کیا گیا، جس سے ناظرین کو گمراہ کیا گیا۔

تاہم سی بی ایس کی جانب سے مکمل نقل سے ظاہر ہوتا ہے کہ دونوں بیانات ایک ہی طویل جواب کا حصہ تھے۔

ٹرمپ کے وکلا نے نیوز ادارے پر الزام لگایا کہ اس نے جان بوجھ کر جھوٹے تاثرات دینے کی کوشش کی تاکہ ڈیموکریٹ پارٹی کو فائدہ پہنچایا جا سکے۔

مرجر اور سیاسی دباؤ

یہ تصفیہ ایسے وقت ہوا جب پیراماؤنٹ اسکائی ڈانس میڈیا کے ساتھ اربوں ڈالر کے مرجر پر کام کر رہا ہے، اور یہ معاملہ فیڈرل کمیونیکیشنز کمیشن (FCC) کی منظوری کا محتاج ہے۔

یہ بھی پڑھیں:جنسی زیادتی کیس میں ٹرمپ کی اپیل مسترد، 5 ملین ڈالر ہرجانے کا فیصلہ برقرار

سینیٹر وارن، سینڈر رون وائڈن اور برنی سینڈرز نے کمپنی کی سربراہ شیری ریڈ اسٹون کو خط لکھا کہ اگر صدر کو خوش کرنے کے لیے رقم دی گئی ہے، تو یہ وفاقی رشوت کے قانون کی خلاف ورزی ہو سکتی ہے۔

پیراماؤنٹ نے کہا ہے کہ تصفیے کا مرجر سے کوئی تعلق نہیں اور وہ قانونی طریقے سے اپنا دفاع کرے گا۔

صحافیوں کا ردعمل

فریڈم آف دی پریس فاؤنڈیشن نے سی بی ایس پر زور دیا کہ وہ تصفیہ نہ کرے اور خبردار کیا کہ اگر ایسا ہوا تو وہ کمپنی کے عہدیداروں کے خلاف مقدمہ دائر کریں گے۔

ٹرمپ کے دیگر مقدمات

ٹرمپ اس سے قبل ABC نیوز کے خلاف بھی مقدمہ کر چکے ہیں جس میں انہیں 15 ملین ڈالر ملے۔ انہوں نے صحافی باب ووڈورڈ کے خلاف بھی 49 ملین ڈالر کا مقدمہ دائر کیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp