گدھے کا گوشت برآمد: ’اسلام آباد والو بتاؤ ذائقہ کیسا تھا‘

پیر 28 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے ترنول میں گزشتہ دنوں گدھے کے گوشت کی فروخت کا سنسنی خیز انکشاف سامنے آیا۔ فوڈ اتھارٹی نے کارروائی کرتے ہوئے غیرملکی ملزم کو گرفتار کرلیا جبکہ چھاپے کے دوران تقریباً 60 زندہ گدھے برآمد کیے گئے جبکہ 25 من تیار گوشت بھی ملا۔

ریسٹورنٹس میں گدھے کے گوشت کی فروخت کا انکشاف ہونے کے بعد جہاں سوشل میڈیا صارفین اس پر کڑی تنقید کرتے نظر آئے اور جن ہوٹلوں میں گوشت سپلائی کیا جاتا تھا اس کو سیل کرنے کا مطالبہ کرتے نظر آئے وہیں کئی صارفین نے میمز بنائیں اور مزاحیہ تبصروں کا سلسلہ شروع کر دیا۔

صحافی حامد میر نے اس پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ اتنے زیادہ گدھے ذبح کیے گئے یا یہ سب مرے ہوئے گدھے تھے؟ پلیز یہ بھی پتہ کر کے بتائیں کہ گدھوں کا گوشت کس کس مارکیٹ میں سپلائی کیا جا رہا تھا اور کون کون سے ریسٹورنٹ پر اس کے کباب بن رہے تھے؟

اطہر سلیم نے طنزاً لکھا کہ لاہور کے بعد اسلام آباد میں بھی گدھے کا گوشت برآمد ہوا ہے، برگر بچے پہلے لاہوریوں کا مذاق اڑاتے تھے۔

فیصل خان نے لکھا کہ طاقتوروں کے شہر اسلام آباد میں گدھے کا گوشت فروخت ہو رہا تھا، ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد والوں آپ گدھے کھا رہے تھے۔

شکیل چوہدری لکھتے ہیں کہ گدھے کا گوشت کھانے میں لاہور تنہا نہیں رہا کیونکہ اب اسلام آباد بھی اسی فہرست میں شامل ہوچکا ہے۔

عمر دراز گوندل نے کہا کہ لاہور پر طعنہ زنی کرنے والے بتائیں اسلام آباد میں اتنی بڑی مقدار میں گدھے کا گوشت کہاں استعمال ہوتا ہے؟

بلال غوری نے لکھا کہ اسلام آبادسےگدھے کاگوشت برآمدہونے پرجو احباب متفکرہیں ان کے لیے ایک اچھی خبر ہے۔ میری متعلقہ تھانے کےSHOاوراسلام آباد انتظامیہ سے بات ہوئی ہے ان کاموقف ہے کہ گدھے کاگوشت بیف سے زیادہ مہنگا پڑتا ہے،یہ مقامی ہوٹلوں کے لیے نہیں بلکہ چینی باشندوں کےلیے تیارکیاجاتاتھا، پریشانی کی کوئی بات نہیں۔

ظفر نقوی کا کہنا تھا کہ سوال یہ ہے یہ گوشت کب سے مختلف ہوٹلوں میں استعمال ہو رہا ہے؟ دوسرا سوال یہ کون کون سے ہوٹلوں میں استعمال ہو رہاتھا؟ انتظامیہ کہاں تھی؟ اس دھندے میں کون کون ملوث ہے؟ یہ سب عوام کو بتایا جائے، کم از کم وہ ہوٹل فوری سیل کیے جائیں تاکہ بیچارے شہری جو کھا چکے مزید نہ کھائیں۔

فیض اللہ خان نے لکھا کہ اسلام آباد میں گدھے کھلانے والے ہوٹل چیک کرلیں۔ مکہ مدینہ ماشاءاللہ کے ساتھ کے ساتھ یہ بھی لکھا ہوگا ’لذیذ عمدہ اور معیاری کھانوں کا واحد مرکز‘۔

واضح رہے کہ چند سال قبل پنجاب کے شہر لاہور میں گدھے کا گوشت ہوٹلوں میں فروخت ہونے کا معاملہ سامنے آیا تھا جس کے بعد انہیں سوشل میڈیا پر مذاق کا نشانہ بھی بنایا جاتا تھا۔ اس پر ایک صارف نے لکھا کہ اسلام آباد میں 25 من گدھے کا گوشت برآمد ہونے کے بعد لاہور اور اسلام آباد آمنے سامنے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ بہت طعنے مارتے تھے برگرز سنا ہے منوں کے حساب ہڑپ کر گئے ہیں، برگز پتہ لگا کر بتانا کن ہن ہوٹلوں میں سپلائی ہوا۔

عمران خان نے لکھا کہ اسلام آباد والو ذرا بتائیں ذائقہ کیسا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp