حالیہ سائنسی تحقیق کے مطابق، شدید اور طویل غم انسان کی زندگی کم کرسکتا ہے، یہاں تک کہ کسی عزیز کی موت کے 10 سال بعد بھی۔
ڈنمارک میں کی گئی اس تحقیق میں 1,700 سے زائد افراد کو شامل کیا گیا، جنہوں نے حال ہی میں کسی قریبی رشتہ دار (شریکِ حیات، والدین وغیرہ) کو کھویا تھا۔ نتائج سے معلوم ہوا کہ جن لوگوں میں غم کے شدید اور دیرپا آثار پائے گئے، ان کی اموات کی شرح 88 فیصد زیادہ تھی، ان لوگوں کے مقابلے میں جن کا غم کم تھا۔
تحقیق کے مطابق:
غم کی شدت سے دل کی بیماریاں، ذہنی دباؤ، خودکشی کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
ایسے افراد عام طور پر ذہنی کمزوری یا ذہنی ادویات کے استعمال کی تاریخ رکھتے تھے، جو ان کے غم کو مزید گہرا بنا سکتی ہے۔
مزید پڑھیں: روزانہ 7 ہزار قدم پیدل چلنا بیماریوں کو دور رکھتا ہے، تحقیق میں انکشاف
یہ کیفیت بعض اوقات ٹوٹے دل کا سنڈروم (Takotsubo Cardiomyopathy) کا سبب بھی بنتی ہے، جس میں دل کا فعل عارضی طور پر متاثر ہوتا ہے۔
مردوں میں اس کیفیت سے موت کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے، جبکہ عورتیں زیادہ متاثر ہوتی ہیں۔
محققین کہتے ہیں کہ ڈاکٹرز کو ایسے مریضوں پر خاص توجہ دینی چاہیے جو شدید صدمے سے گزر رہے ہوں، تاکہ انہیں بروقت ذہنی علاج یا مدد فراہم کی جا سکے۔ سائنس بتاتی ہے کہ دل واقعی ٹوٹ سکتا ہے اور بعض اوقات جان لے بھی سکتا ہے۔