سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ جنگلات کا رقبہ بڑھانا وقت کی اہم ضرورت ہے اور پنجاب حکومت اس مقصد کے لیے جدید ترین اقدامات کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’پلانٹس فار پاکستان‘ وزیراعلیٰ پنجاب کا وژن ہے، جس کے تحت شجرکاری مہم بھرپور انداز میں جاری ہے۔
مریم اورنگزیب نے لاہور میں شجرکاری مہم سے خطاب میں بتایا کہ پنجاب میں پہلی بار فاریسٹ فائر کنٹرول فورس کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کیا گیا ہے، جبکہ جنگلات کی نگرانی کے لیے ڈرون ٹیکنالوجی بھی استعمال کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگلات میں آتشزدگی کے واقعات پر قابو پانے کے لیے آسٹریلوی ٹیکنالوجی رواں سال نصب کی جائے گی، جو ممکنہ آتشزدگی کی پیشگی اطلاع دے گی۔
مزید پڑھیں: شجرکاری مہم کے دوران ملک بھر میں 4 کروڑ 17 لاکھ پودے لگائے جائیں گے، وزیراعظم شہباز شریف
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ہم نے ہر درخت کی مانیٹرنگ اور میپنگ کی ہے اور جھوٹے اعداد و شمار کے بجائے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ رنگ روڈ کے اطراف 3 لاکھ درخت لگائے جائیں گے اور پی ایچ اے نے بھی پودے لگانے کی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ مریم اورنگزیب کے مطابق جنگلات کی اراضی پر قبضے کا خاتمہ کرایا جا چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال میں سموگ پر بھی نمایاں طور پر قابو پایا گیا ہے، اور بھٹوں کو زیگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کا ہر شہر سرسبز بنانے کے لیے حکومت پرعزم ہے۔