بلوچستان: پی ایس ڈی پی پر عملدرآمد سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کا اہم اجلاس

پیر 28 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت پی ایس ڈی پی (پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام) پر عملدرآمد سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں مختلف سیاسی جماعتوں کے اراکین اسمبلی نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں: بجٹ بلوچستان کی ترقی کا جامع روڈ میپ ہوگا، سرفراز بگٹی

اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی، پاکستان مسلم لیگ، عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) اور جماعت اسلامی کے نمائندے شریک تھے جبکہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری برائے ترقیات و منصوبہ بندی زاہد سلیم نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔

وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ منظور شدہ ترقیاتی اسکیموں پر فوری عملدرآمد ناگزیر ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ 65 کروڑ روپے تک مکمل فنڈنگ حاصل کرنے والی اسکیمیں فروری 2026 تک ہر صورت مکمل کی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ کے لیے مشاورت اور منصوبہ بندی مارچ 2026 سے قبل مکمل کر لی جائے گی، تاکہ ترقیاتی عمل کو شفاف، مؤثر اور بروقت بنایا جا سکے۔

وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ پی سی-ون صرف مکمل تخمینہ لاگت کی بنیاد پر منظور کیا جائے گا اور مرحلہ وار تخمینے ناقابل قبول ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ دستیاب وسائل کے مطابق ترقیاتی منصوبوں کی تشکیل ہی فوری اور مؤثر عملدرآمد کو ممکن بنائے گی۔

مزید پڑھیے: نئے مالی سال کا بجٹ عوامی ضروریات سے ہم آہنگ ہوگا، وزیر اعلیٰ بلوچستان

میر سرفراز بگٹی نے ترقیاتی عمل میں شفافیت، رفتار اور معیار کو اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا کہ منتخب عوامی نمائندوں کی مشاورت سے شفافیت میں مزید بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ مفاد عامہ سے متعلق اراکین اسمبلی کی تجاویز ترقیاتی ترجیحات کا حصہ بنائی جائیں گی۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہر اسکیم کی بروقت تکمیل عوامی اعتماد کی بحالی کی ضمانت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام اہم اسکیموں پر تیز رفتار پیش رفت کی مؤثر نگرانی کی جائے گی اور کسی بھی مرحلے پر بدانتظامی یا بدعنوانی برداشت نہیں کی جائے گی۔

مزید پڑھیں: بلوچستان حکومت کا گرفتار ملازمین کی رہائی کا فیصلہ، گرینڈ الائنس نے احتجاج مؤخر کردیا

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور پائیدار ترقی کے لیے سیاسی اتفاق رائے اور انتظامی سنجیدگی ناگزیر ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp