ملک بھر کے بجلی صارفین کو گزشتہ مالی سال کی آخری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 53 ارب روپے سے زائد کا ریلیف ملنے کا امکان ہے۔ اس ضمن میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں باضابطہ درخواست جمع کرا دی ہے۔
مزید پڑھیں: بجلی صارفین کے لیے خوشخبری، نیپرا نے بنیادی ٹیرف میں کمی کی منظوری دیدی
درخواست میں بتایا گیا ہے کہ کیپیسٹی پے منٹس کی مد میں صارفین کو 53 ارب 71 کروڑ روپے کا فائدہ ہوگا، جبکہ یوز آف سسٹم چارجز کی مد میں 66 کروڑ 20 لاکھ روپے کا اضافی بوجھ اور آپریشن و مینٹیننس کے لیے 18 کروڑ 20 لاکھ روپے کی ادائیگی کرنا پڑے گی۔
مزید پڑھیں: نیپرا نے بجلی کی قیمت مزید کم کردی، سرمائی پیکج کا بھی اعلان
نیپرا کو دی گئی تفصیلات کے مطابق مجموعی طور پر صارفین کو 53 ارب 39 کروڑ روپے کا ریلیف پہنچے گا۔ ریگولیٹری اتھارٹی ان درخواستوں پر سماعت 4 اگست کو کرے گی، اور جو فیصلہ کیا جائے گا وہ کراچی سمیت ملک بھر کے بجلی صارفین پر لاگو ہوگا۔














