وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی میں منعقدہ تقریب میں ’ٹیچنگ لائسنس‘ کے اجرا کو سندھ کی تعلیمی تاریخ میں ایک تاریخی سنگِ میل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام نہ صرف تعلیمی نظام میں بہتری کا آغاز ہے بلکہ اساتذہ کے وقار، قابلیت اور جوابدہی کو یقینی بنانے کی جانب عملی پیشرفت بھی ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ سندھ کا تعلیمی مستقبل علم، اخلاق اور عمدگی پر استوار ہوگا۔ بغیر استاد کے کوئی تعلیمی اصلاح ممکن نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ معیاری تعلیم کا آغاز معیاری اساتذہ سے ہوتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ سندھ حکومت نے اساتذہ کی لائسنسنگ کے نظام کو متعارف کرایا۔
مراد علی شاہ نے بتایا کہ 3 سال قبل سردار شاہ نے لائسنسنگ کا تصور پیش کیا تھا، جسے آج عملی جامہ پہنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیچنگ لائسنس پالیسی نہ صرف SDG-4 (پائیدار ترقیاتی ہدف) کے حصول کی سمت قدم ہے بلکہ اساتذہ کو لائسنس یافتہ پروفیشنلز کی طرح حیثیت دینے کا عمل ہے۔
مزید پڑھیں: سندھ کے 19 اضلاع میں ضمنی بلدیاتی انتخابات 9 ستمبر کو ہوں گے
وزیراعلیٰ نے انکشاف کیا کہ ابتدائی طور پر 4 ہزار امیدواروں نے ٹیچنگ لائسنس ٹیسٹ دیا، جن میں سے صرف 646 یعنی 16 فیصد کامیاب ہو سکے۔ یہ تو کچھ بھی نہیں، ہمیں بہت کام کرنا ہے تاکہ تعلیم کے معیار کو بہتر کرسکیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے لاکھوں بچے اسکولوں سے باہر ہیں، اور جو اسکول میں ہیں، انہیں معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے باصلاحیت اساتذہ کی اشد ضرورت ہے۔ ہمیں اسکولوں سے زیادہ باصلاحیت اساتذہ چاہئیں۔
مراد علی شاہ نے اعلان کیا کہ ٹیچنگ لائسنس سسٹم کو نجی اسکولوں اور اسپیشل ایجوکیشن اداروں تک بھی وسعت دی جائے گی۔ انہوں نے محکمہ تعلیم، سندھ ٹیچر ایجوکیشن ڈویلپمنٹ اتھارٹی (STEDA) اور تعلیمی شراکت دار اداروں جیسے آغا خان یونیورسٹی، ضیا الدین یونیورسٹی وغیرہ کا شکریہ ادا کیا۔
مزید پڑھیں: ملک کا روشن مستقبل نوجوانوں سے وابستہ ہے، گورنر سندھ کامران ٹیسوری
خطاب کے دوران وزیراعلیٰ نے کہا کہ سیاستدانوں کو لائسنس کی ضرورت نہیں پڑتی، لیکن سیاست کوئی پروفیشن نہیں، عوام کی مسلسل خدمت اصل امتحان ہے۔
وزیراعلیٰ نے اساتذہ سے کہا کہ وہ تعلیم کو صرف پیشہ نہ سمجھیں بلکہ اسے عبادت اور کردار سازی کا ذریعہ بنائیں۔ مجھے امید ہے کہ ہمارے اساتذہ ایسے شاگرد تیار کریں گے جو ان کا اور ملک کا نام روشن کریں گے۔ تقریب کے اختتام پر وزیراعلیٰ نے تمام کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دی اور تعلیمی میدان میں مزید بہتری کے لیے عزم کا اظہار کیا۔