لاہور میں اورنج لائن ٹرین کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک خاتون نے ڈرائیونگ سیٹ سنبھال لی ہے۔ ندا صالح کو 6 ماہ کی ٹیکنیکل تربیت کے بعد باقاعدہ طور پر اورنج لائن ٹرین کی ڈرائیور مقرر کر دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ندا صالح جیسی بیٹیاں ہم سب کا فخر ہیں اور یہ اقدام اس بات کا ثبوت ہے کہ ہماری بیٹیاں کسی سے کم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت خواتین کو مساوی مواقع فراہم کرتی رہے گی اور ندا صالح کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔
مزید پڑھیں: برطانوی خفیہ ایجنسی ایم آئی 6 کی پہلی خاتون سربراہ کون ہیں؟
دوسری جانب لاہور میں ٹرانسپورٹ کے میدان میں ایک اور پیشرفت سامنے آئی ہے۔ میٹرو بس، اورنج لائن اور الیکٹرک بس کے بعد اب شہر کی سڑکوں پر جلد بجلی سے چلنے والی ٹرام بھی رواں دواں ہو گی۔
3 باکسز پر مشتمل یہ ٹرام مکمل طور پر الیکٹرک ہو گی، جو صرف 10 منٹ چارج کے بعد 25 سے 27 کلومیٹر فاصلہ طے کر سکے گی۔ اس میں 250 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہو گی اور اس کی اسمبلنگ علی ٹاؤن ڈپو میں جاری ہے۔ منصوبے کو پہلے مرحلے میں پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر شروع کیا جائے گا۔