بھارتی شہر ممبئی کی لوکھنڈوالا مین مارکیٹ میں ایک انوکھا واقعہ اُس وقت خبروں کی زینت بن گیا جب سڑک کے بیچوں بیچ کھڑی ایک گاڑی کی ڈرائیونگ سیٹ پر ایک ہسکی نسل کا کتا بیٹھا نظر آیا۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی، جہاں صارفین نے مزاحیہ تبصرے بھی کیے اور کتے کے مالک کی لاپروائی پر تنقید بھی کی۔
یہ بھی پڑھیں: مشرقی چین کے ایک چڑیا گھر میں کتے ’ پانڈا ‘ کیسے بن گئے؟
انسٹاگرام پر @andheriloca نامی اکاؤنٹ کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک سرخ ہیچ بیک کار سڑک کے درمیان کھڑی ہے، جس کے باعث ٹریفک رک گیا ہے۔ جب راہگیر گاڑی کے قریب پہنچے تو معلوم ہوا کہ ڈرائیونگ سیٹ پر ایک پالتو ہسکی آرام سے بیٹھا ہوا ہے۔
View this post on Instagram
ویڈیو کے کیپشن میں لکھا گیا کہ ’گاڑی لوکھنڈوالا مین مارکیٹ کے بیچ میں پارک کی گئی، جس سے شدید پریشانی ہوئی۔ حیرت انگیز طور پر گاڑی کی ڈرائیونگ سیٹ پر ایک پالتو کتا بیٹھا ہوا تھا۔‘
یہ بھی پڑھیں: ’گھر سے غائب 2 سالہ بچی جنگل میں کتوں کے ساتھ سوتے ہوئے ملی‘
سوشل میڈیا صارفین نے ملا جلا ردعمل دیا۔ ایک صارف نے تبصرہ کیا ’یہ واقعہ سنجیدہ ہونا چاہیے، مگر کتے کی ڈرائیونگ سیٹ پر موجودگی بہت پیاری لگ رہی ہے، جیسے کہہ رہا ہو، کیا دیکھ رہے ہو؟ میرا مالک مجھے ٹریٹس لینے گیا ہے۔‘
ایک اور صارف نے لکھا ’کتنا پیارا ہے! لیکن یہ بہت خطرناک ہے کہ اسے اکیلا گاڑی میں چھوڑ دیا گیا۔‘
یہ بھی پڑھیں: کیا بلیاں بو سونگھ کر مالک اور اجنبی میں فرق کرسکتی ہیں؟
بعض صارفین نے ممبئی ٹریفک پولیس سے کارروائی کا مطالبہ بھی کیا۔ ایک تبصرے میں کہا گیا ’تصویر کھینچ کر ممبئی ٹریفک ایپ پر اپلوڈ کریں، خلاف ورزی پر چالان جاری ہوجائے گا۔‘
گاڑی کے نمبر پلیٹ کو دھندلا کر دیا گیا ہے، اس لیے مالک کی شناخت فی الحال سامنے نہیں آسکی۔