روس کے مشرقی علاقے کمچاٹکا میں آنے والے شدید زلزلے کے بعد کلیوچفسکایا آتش فشاں نے بھی سرگرمی دکھانا شروع کر دی ہے۔
اس خطرناک زلزلے کی شدت 8.8 ریکارڈ کی گئی تھی جو خطے کے ساحلی علاقے میں محسوس کیا گیا۔
کلیوچفسکایا آتش فشاں روس کے مشرق بعید کے کمچاٹکا جزیرہ نما میں واقع ہے اور یہ دنیا کے بلند ترین فعال آتش فشانوں میں شمار ہوتا ہے۔ اس کی بلندی تقریباً 4,750 میٹر (15,584 فٹ) ہے۔
یہ بھی پڑھیے: انڈونیشیا میں 22 سال بعد آتش فشاں پھٹ گیا، 11ہزار افراد کا انخلا، سونامی کی وارننگ جاری
آتش فشاں کے مرکزی دہانے کے علاوہ اس کے نچلے ڈھلوانی علاقوں میں تقریباً 70 ضمنی دہانے اور مخروطی چوٹیاں بھی موجود ہیں جو مختلف ادوار میں لاوا اُگل چکی ہیں۔
تاریخی ریکارڈ کے مطابق کلیوچفسکایا آتش فشاں 1700ء سے اب تک 50 سے زائد بار پھٹ چکا ہے۔ ماہرین ارضیات کے مطابق آتش فشانی سرگرمی حالیہ زلزلے کے نتیجے میں متحرک ہوئی ہے تاہم ابھی نقصانات کی مکمل تفصیل سامنے نہیں آئی۔
حکام نے قریبی آبادیوں کو ممکنہ خطرات کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے اور ماہرین علاقے میں جاری سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں۔