گوگل نے Pixel 6a استعمال کرنے والے صارفین کے لیے ایک نیا بیٹری پرفارمنس پروگرام متعارف کروایا ہے، جس کے تحت متاثرہ صارفین یا تو اپنی فون کی بیٹری مفت تبدیل کروا سکتے ہیں یا پھر 100 امریکی ڈالر نقد یا 150 ڈالر کا گوگل اسٹور کریڈٹ حاصل کر سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:بغیر کوڈنگ کے ایپ بنانا ممکن، گوگل نے ‘اوپل’ نامی اے آئی ٹول لانچ کردیا
یہ اقدام ان شکایات کے بعد سامنے آیا ہے جن میں Pixel 6a فونز کے زیادہ گرم ہونے اور بیٹری کی کارکردگی متاثر ہونے کی بات کہی گئی تھی۔
گوگل نے اعلان کیا ہے کہ تمام Pixel 6a ڈیوائسز پر ایک لازم Android 16 اپڈیٹ بھی جاری کی جائے گی تاکہ بیٹری کی استعداد بہتر بنائی جا سکے اور حدت کے خدشات کم ہوں۔
نقد یا کریڈٹ، صارف کی مرضی
اگر کوئی صارف بیٹری کی تبدیلی کے بجائے فون چھوڑنا چاہے تو وہ درج ذیل میں سے ایک آپشن منتخب کر سکتا ہے:
۔ 100 ڈالر (تقریباً 8,500 روپے) نقد
۔ 150 ڈالر (تقریباً 12,800 روپے) کا گوگل اسٹور کریڈٹ — جسے وہ نیا Pixel فون خریدنے کے لیے استعمال کر سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:پیچیدہ سوالات کے جوابات کے لیے گوگل کا نیا فیچر ’اے آئی موڈ‘ سرچز متعارف
گوگل کے مطابق نقد ادائیگی ہر ملک میں دستیاب نہیں ہوگی اور اس کا انحصار مقامی ضوابط پر ہوگا۔
ادائیگی کا عمل Payoneer کے ذریعے کیا جائے گا، جس کے لیے صارفین کو ممکنہ طور پر قومی شناختی معلومات فراہم کرنی ہوں گی۔
اہلیت جانچنے کا طریقہ
Pixel 6a صارفین گوگل کی مخصوص ویب سائٹ پر جا کر اپنی ای میل آئی ڈی اور IMEI نمبر درج کر کے اپنی اہلیت چیک کر سکتے ہیں۔
اگر کوئی صارف اپنے کسی عزیز یا دوست کے لیے عمل مکمل کرنا چاہے تو وہ متبادل ای میل آئی ڈی استعمال کر سکتا ہے، البتہ گوگل تصدیق کے لیے مزید معلومات طلب کر سکتا ہے۔
یہ پیشکش ان صارفین کے لیے سہولت ہے جو پرانے یونٹ استعمال کر رہے ہیں یا نیا فون خریدنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
یہ گوگل کی جانب سے ایک سنجیدہ کوشش ہے کہ وہ بیٹری سے متعلقہ مسائل کا حل پیش کرے اور صارفین کا اعتماد بحال رکھے۔