بھارت میں انتہاپسندوں کی تمام تر مخالفت کے باوجود بالی وڈ کے کنگ شاہ رخ خان کی فلم ’پٹھان‘ نے ریلیز سے قبل ہی ریکارڈ بنا لیا۔
فلم ’پٹھان‘ کے ریلیز سے قبل ہی اس کے گانے ’بے شرم رنگ’ پربھارت میں تنازع کھڑا ہوگیا تھا،فلم کے گیت میں ہیروئن دپیکا پڈوکون کے زعفرانی لباس کو وجہ بنا کر بھارتی انتہا پسندوں نے فلم کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا۔
ہندو مذہب میں زعفرانی رنگ کو مقدس سمجھا جاتا ہے جبکہ انتہا پسند ہندوؤں نے گانے میں شاہ رخ کے ہرے رنگ کے کپڑے پہننے پر بھی اعتراض کیا۔
اس معاملے پر بھارتی سنسر بورڈ کے چیئرمین پراسون جوشی نے بیان جاری کیاتھا جس میں کہا گیا کہ فلم کا سی بی ایف سی کی گائیڈلائنز کے مطابق جائزہ لیا گیا جس کے بعد کمیٹی نے فلم کے پروڈیوسرز یش راج فلمز کو تجویز دی کہ وہ فلم بشمول گانوں میں کچھ تبدیلیاں کریں اور ریلیز سے قبل فلم کا تبدیل شدہ ورژن بورڈ کے سامنے پیش کریں۔
ایکشن اور سسپینس سے بھرپور فلم پٹھان کل 25 جنوری کو سنیما گھروں میں ریلیز ہوگی تاہم ریلیز سے قبل ہی اس فلم نے ایڈوانس بکنگ کے تمام ریکارڈ توڑ دیے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت میں شاہ رخ کی فلم پٹھان کے تقریباً (4.19) لاکھ ایڈوانس ٹکٹ فروخت ہوگئے، یہ کسی بھی بالی وڈ فلم کے سب سے زیادہ فروخت ہونے والے ایڈوانس ٹکٹ ہیں۔
اس سے قبل یہ ریکارڈ ریتھیک روشن اور ٹائیگر شروف کی فلم وار کے پاس تھا، جس کے (4.10) لاکھ ایڈوانس ٹکٹ فروخت ہوئے تھے۔
کسی بھی بھارتی فلم کی سب زیادہ ایڈوانس بکنگ کا ریکارڈ باہو بلی کے پاس ہے جس کے (6.50) ٹکٹ فروخت ہوئے تھے۔
رپورٹس کے مطابق دیپیکا اور شاہ رخ خان کی فلم پٹھان کے او ٹی ٹی رائٹس ریلیز سے پہلے ہی 100 کروڑ روپے میں فروخت ہوچکے ہیں۔