اسلام آباد میں ایرانی صدر کی آمد کے باعث وفاقی دارالحکومت کے مختلف اہم مقامات پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ اس دوران شہریوں کو ممکنہ ٹریفک مسائل سے بچانے کے لیے اسلام آباد ٹریفک پولیس نے ایک جامع ٹریفک پلان جاری کر دیا ہے۔
ٹریفک پولیس اسلام آباد کے مطابق کورال، فیض آباد، ایکسپریس ہائی وے، مری روڈ، کلب روڈ، سرینہ ہوٹل، زیرو پوائنٹ اور سری نگر ہائی وے پر غیر معمولی حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق شام 5 بجے سے 7 بجے تک ایکسپریس ہائی وے اور سری نگر ہائی وے پر ٹریفک کی روانی میں سست روی اور عارضی تعطل متوقع ہے۔ ان علاقوں میں سفر کرنے والے شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ متبادل راستوں کا انتخاب کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ تاخیر یا پریشانی سے بچا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیے: اسلام آباد: شدید بارش کے باعث پروازوں کا شیڈول درہم برہم، شہری زندگی مفلوج
شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ ایکسپریس ہائی وے اور سری نگر ہائی وے سے منسلک سروس روڈز کا استعمال کریں جبکہ بلیو ایریا، سیکٹر ایف-6 اور ایف-7 جانے والے مسافر ایچ-8 انڈر پاس سے استفادہ کریں۔ ریڈ زون اور سرینہ ہوٹل کی طرف جانے والی ٹریفک کو مارگلہ روڈ، جناح ایونیو، ایوب چوک اور نادرا چوک سے گزرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
بری امام جانے والے افراد کو بھی نادرا چوک کا راستہ اختیار کرنے کا کہا گیا ہے۔ اسی طرح سیکٹر آئی اور ایچ کی طرف سفر کے لیے شہری راولپنڈی پشاور روڈ اور آئی جے پی روڈ سے منسلک سروس روڈز استعمال کریں۔
یہ بھی پڑھیے: ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی مزار اقبال پر حاضری، اسلام آباد کے لیے روانہ
مری روڈ سے سرینہ اور فیض آباد براستہ راول ڈیم کا راستہ دوران آمد و رفت مکمل طور پر بند رکھا جائے گا۔ ٹریفک پولیس کے مطابق، شہریوں کی آسانی کے لیے پولیس اہلکار مختلف مقامات پر موجود ہوں گے تاکہ رہنمائی فراہم کی جا سکے۔
چیف ٹریفک آفیسر کیپٹن (ر) سید ذیشان حیدر نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی سفری پریشانی سے بچنے کے لیے کم از کم 20 منٹ اضافی وقت لے کر گھروں سے روانہ ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک سے متعلق فوری معلومات اور رہنمائی کے لیے شہری ہیلپ لائن 1915 پر رابطہ کر سکتے ہیں، جبکہ ٹریفک پولیس کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے بھی تازہ ترین روٹس اور ٹریفک اپڈیٹس حاصل کی جا سکتی ہیں۔