پاکستان نے فلسطین کے محصور علاقے غزہ میں انسانی بحران سے دوچار افراد کے لیے امداد کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے مزید امدادی سامان روانہ کردیا۔
یہ بھی پڑھیں: غزہ: اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے 62 فلسطینی شہید، زیادہ تر امداد کے متلاشی تھے
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے ترجمان کے مطابق یہ 17ویں امدادی کھیپ ہے جس میں تیار کھانے، ادویات اور بچوں کی غذائی اشیا شامل ہیں۔
ترجمان کے مطابق روانہ کی گئی امداد میں 65 ٹن تیار شدہ کھانا، 20 ٹن بچوں کا خشک دودھ، 5 ٹن بسکٹس اور 10 ٹن ادویات شامل ہیں۔
این ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ چند روز میں مزید 100 ٹن امدادی سامان پر مشتمل پرواز بھی غزہ کے لیے روانہ کی جائے گی۔ اس طرح مجموعی طور پر پاکستان اب تک 1,815 ٹن امدادی سامان فلسطینی عوام کو فراہم کر چکا ہوگا۔
اب تک مجموعی طور پر 17 پروازوں کے ذریعے 1,715 ٹن امدادی اشیاء غزہ بھیجی جا چکی ہیں۔ امداد کی تازہ ترین روانگی کے موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور چیئرمین این ڈی ایم اے نے خصوصی شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب کا اسرائیلی وزیر کی مسجد الاقصیٰ میں اشتعال انگیزی پر شدید ردعمل
پاکستان نے اس امداد کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اپنی سفارتی اور اخلاقی ذمے داری قرار دیتے ہوئے فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کا اعادہ کیا ہے۔














