پاکستانی اوپنر فخر زمان ہمسٹرنگ انجری کے باعث ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز سے باہر ہو گئے ہیں اور اب وہ وطن واپس لوٹ رہے ہیں۔ 35 سالہ بائیں ہاتھ کے بلے باز کو فلوریڈا میں دوسرے ٹی20 میچ کے دوران 19ویں اوور میں فیلڈنگ کرتے ہوئے بائیں ٹانگ میں کھنچاؤ محسوس ہوا، جس کے بعد انہیں فوری طور پر گراؤنڈ سے ہٹایا گیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق فخر زمان کا فوری طور پر معائنہ کیا گیا اور پی سی بی میڈیکل پینل نے ان کی ہمسٹرنگ انجری کی تصدیق کی۔ ٹیم فزیو نے ابتدائی طبی امداد فراہم کی، تاہم انہیں مکمل طور پر آرام کا مشورہ دیا گیا ہے۔
فخر زمان تیسرا اور آخری ٹی20 میچ نہیں کھیل سکے، جس میں پاکستان نے 13 رنز سے کامیابی حاصل کرکے سیریز 1-2 سے اپنے نام کی۔ وہ 4 اگست کی شام پاکستان پہنچیں گے اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں بحالی کے عمل سے گزریں گے۔
مزید پڑھیں: انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ، فخر زمان نے واضح اعلان کردیا
واضح رہے کہ فخر زمان حالیہ عرصے میں ناقص فارم کا شکار رہے ہیں۔ بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں وہ 1، 44 اور 8 رنز بنا سکے جبکہ ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے 2 میچز میں ان کا اسکور 28 اور 20 رہا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 میں نیوزی لینڈ کے خلاف افتتاحی میچ میں بھی فخر زمان کو پسلیوں میں چوٹ لگی تھی، تاہم انہوں نے 41 گیندوں پر 24 رنز کی اننگز کھیلی، لیکن اس انجری کے باعث باقی ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے تھے۔ بعد ازاں وہ اپریل میں نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز کے لیے بھی ٹیم کا حصہ نہیں بن سکے۔














