بیٹی کے زخمی ہونے پر والد کا انوکھا احتجاج، پانی بھرے گڑھے میں بستر لگا کر لیٹ گیا

پیر 4 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارتی شہر کانپور میں ایک شہری نے سڑک پر موجود خطرناک گڑھوں کے خلاف ایسا انوکھا احتجاج کیا کہ دیکھنے والوں کے ہوش اڑ گئے۔

واقعہ اس وقت منظر عام پر آیا جب ایک باپ اپنی بیٹی کے زخمی ہونے پر پانی سے بھرے گڑھے میں بستر، تکیہ اور چادر لے کر لیٹ گیا اور سڑک کی خستہ حالی کے خلاف بھرپور نعرے بازی کی۔

یہ بھی پڑھیں: انوکھا احتجاج، دودھ فروش جوڑے نے بھینسیں رکن اسمبلی کے دفتر کے باہر باندھ دیں

بھارتی میڈیا کے مطابق متاثرہ شخص کی کمسن بیٹی اسکول جاتے ہوئے سڑک پر موجود ایک بڑے گڑھے میں گرگئی، جس سے وہ زخمی ہو گئی۔ واقعے کے بعد والد نے فیصلہ کیا کہ وہ انتظامیہ کی بے حسی کو اجاگر کرنے کے لیے سڑک پر اسی گڑھے میں آرام کرے گا، تاکہ یہ ثابت کرسکے کہ سڑک چلنے کے قابل نہیں بلکہ سونے کے قابل ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مذکورہ شخص پانی میں لیٹے ہوئے ہے، اس کے نیچے بستر اور سر کے نیچے تکیہ رکھا ہے، جبکہ اردگرد راہگیر حیرت سے یہ منظر دیکھ رہے ہیں۔ پاس سے ایک اسکول بس گزرتی ہے جس میں موجود بچے بھارت ماتا کی جے کے نعرے لگا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: نام میں ’دتا‘ کی جگہ ’کتا‘ لکھنے پر شہری کا انوکھا احتجاج، بھونکتے ہوئے ویڈیو وائرل

مقامی لوگوں نے مطالبہ کیا ہے کہ سڑکوں کی فوری مرمت کی جائے تاکہ آئندہ کسی معصوم کو ایسی اذیت کا سامنا نہ ہو۔ انوکھے احتجاج کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی اور صارفین کی جانب سے اسے اثر انگیز مگر دل کو چھو لینے والا احتجاج قرار دیا گیا۔

دوسری طرف مقامی میونسپل ادارے یا محکمہ شاہرات نے اس احتجاج پر کوئی باقاعدہ بیان جاری نہیں کیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp