وزارت بحری امور نے ایران اور خلیجی ممالک کی سمت سمندری سفر کی سہولت کے لیے فیری سروس لائسنس کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد پاکستان میں بحری روابط کے ایک نئے دور کا آغاز متوقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایران اور عراق جانے والے زائرین کے لیے فیری سروس شروع کرنے کا اعلان
ترجمان وزارت کے مطابق ’سی کیپرز‘ نامی کمپنی کو ایران اور خلیج کی جانب فیری سروس چلانے کی باقاعدہ اجازت دے دی گئی ہے، جس سے زائرین اور بیرونِ ملک محنت کشوں کو کم لاگت اور سہولت سے بھرپور سفر کی سہولت میسر آئے گی۔
وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چوہدری نے اس پیش رفت کو پاکستان کی بحری تاریخ کا ایک سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی اور گوادر بندرگاہوں سے فیری سروس کا آغاز کیا جائے گا، جس کا مقصد عوام کو محفوظ، آرام دہ اور اقتصادی سمندری سفر فراہم کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس سروس کے ذریعے نہ صرف پاکستان کی سمندری معیشت کو تقویت ملے گی بلکہ خطے میں سیاحت اور باہمی تجارت کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: گوادر سے خلیجی ممالک کے لیے فیری سروس چلانے کا فیصلہ
وزیر حکومت نے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ فیری سروس کے عملی آغاز کے لیے تیاریاں تیزی سے جاری ہیں۔