عمران خان کی گرفتاری: امریکا، برطانیہ نے پاکستان میں اپنے شہریوں کے لیے سفری ہدایات جاری کردیں

بدھ 10 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکا، برطانیہ اور کینیڈا نے پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد پیدا ہونے والی سیاسی صورت حال کا حوالہ دیتے ہوئے اپنے شہریوں کے لیے نئی سفری ہدایات جاری کی ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے چیئر مین کو نیب نے منگل کے روز القادر ٹرسٹ کرپشن کیس میں گرفتار کیا تھا۔

سابق وزیر اعظم کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں احتجاج اور مظاہرے جاری ہیں اور ان کے کارکنان کی جانب سے عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

پاکستان کی سیاسی صورت حال کے پیش نظر امریکا، کینیڈا اور برطانیہ نےاپنے شہریوں اور سفارتی عملے کے لیے ٹریول الرٹ  کا اعلان کیا ہے۔

امریکی سفارت خانے کی جانب سے جاری کردہ ہدایت میں کہا گیا ہے کہ امریکی سفارت خانہ اسلام آباد میں مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپوں اور پاکستان بھر میں جاری مظاہروں کی ابتدائی رپورٹ کی نگرانی کر رہا ہے۔

اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے نے 10مئی کو قونصلر تقرریوں کو منسوخ کر دیا ہے۔ امریکی شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ زیادہ ہجوم والی جگہوں پر جانے سے گریز کریں۔

برطانیہ کےفارن کامن ویلتھ اینڈ ڈویلپمنٹ آفس(ایف سی ڈی او) نے اپنے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ تمام سیاسی مظاہروں، لوگوں کے بڑے ہجوم اور عوامی تقریبات سے گریز کریں۔

دوسری جانب کینیڈین حکومت نے بھی اپنے شہریوں اور سفارتی عملے سے کہا ہے کہ وہ پاکستان میں غیر متوقع سیکیورٹی صورت حال کے باعث احتیاط برتیں۔

برطانیہ کی سیکرٹری خارجہ جیمز کلیورلی نے کہا ہے کہ ہم پاکستان  میں پر امن جمہوریت دیکھنا چاہتے ہیں، ہم قانون کی حکمرانی کو برقرار دیکھنا چاہتے ہیں۔

وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرین جین پیئر نے عمران خان کی گرفتاری پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کسی ایک سیاسی امید وار یا پارٹی کے بارے میں موقف نہیں رکھتا اور جمہوری اصولوں کا احترام کرنے پر زور دیتا ہے۔

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا کہ ہم صرف اس بات کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ پاکستان میں جو کچھ بھی ہوتا ہے وہ قانون کی حکمرانی اور آئین کے مطابق ہو۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp