پاکستان چین کی مدد سے الیکٹرک گاڑیوں کی صنعت میں پیشرفت کا خواہاں

بدھ 6 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان، چین کی جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے الیکٹرک گاڑیوں کے شعبے میں ترقی کرنا چاہتا ہے۔

ریڈیو پاکستان  کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے بیجنگ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان، چینی ٹیکنالوجی بالخصوص نئی نسل کی بیٹریوں جیسے کہ سوڈیم آئن بیٹریوں سے فائدہ اٹھانے کا خواہاں ہے، جو لیتھیم بیٹریوں کے مقابلے میں کئی حوالوں سے بہتر سمجھی جاتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: چینی کمپنی پاکستان میں الیکٹرک گاڑیاں تیار کرے گی، شارک 6 پلگ اِن ہائبرڈ پک اپ آج مارکیٹ میں آئے گی

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ اسٹریٹجک شراکت داری قائم ہے جو اقتصادی تعاون، علاقائی رابطوں اور باہمی اعتماد پر مبنی ہے۔ ان تعلقات نے وقت کے ساتھ تجارت، توانائی، دفاع اور بنیادی ڈھانچے سمیت مختلف شعبوں میں وسعت اختیار کی ہے، جس کی سب سے بڑی مثال چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ الیکٹرک گاڑیوں کے شعبے میں پاکستان اور چین کا تعاون مستقبل میں ایک اہم میدان ہوگا، اور پاکستان اس شعبے کو چین کے ساتھ مل کر ترقی دینا چاہتا ہے،اکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری سے چینی کمپنیوں کے لیے لاگت میں کمی آئے گی جبکہ پاکستان کے فوسل فیول پر انحصار میں بھی نمایاں کمی ممکن ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: چینی کمپنی بی وائی ڈی نے 2 الیکٹرک گاڑیاں پاکستان میں متعارف کرادیں

وفاقی وزیر ان دنوں سرکاری دورے پر چین میں موجود ہیں، جہاں وہ اعلیٰ چینی حکام سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔ گزشتہ ہفتے انہوں نے چین کے نائب وزیر خارجہ سن ویڈونگ سے ملاقات کی جس میں سی پیک کے دوسرے مرحلے، صنعتی تعاون اور کاروباری روابط پر تبادلہ خیال ہوا۔

اتوار کے روز انہوں نے ڈیولپمنٹ ریسرچ سینٹر اور انٹرنیشنل نالج آن ڈیولپمنٹ سینٹر کے صدر لو ہاؤ سے ملاقات کی، جس میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان مضبوط اقتصادی تعاون قومی ترقی کے لیے کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان آٹو شو 2024 میں آئی 5 الیکٹرک گاڑیاں

ادھر حکومت پاکستان نے گزشتہ روز 5 سالہ سبسڈی اسکیم کی منظوری دی ہے جس کے تحت ملک بھر میں 1 لاکھ 16 ہزار الیکٹرک موٹرسائیکلیں اور 3 ہزار 170 الیکٹرک رکشے و لوڈرز متعارف کروائے جائیں گے، اس منصوبے پر تقریباً 100 ارب روپے لاگت آئے گی۔

یہ اسکیم پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ، تیل کی درآمدات میں کمی اور ماحول دوست اقدامات کے فروغ کے لیے حکومت کی کوششوں کا حصہ ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف 14 اگست کو اس منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp