امریکی فوجی اڈے فورٹ اسٹیورٹ میں مسلح شخص کی فائرنگ، 5 فوجی زخمی

بدھ 6 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی ریاست جارجیا میں واقع فورٹ اسٹیورٹ فوجی اڈے پر فائرنگ کے واقعے میں 5 فوجی زخمی ہوگئے ہیں، جس کے بعد بیس کو مکمل طور پر لاک ڈاؤن کر دیا گیا۔ فورٹ اسٹیورٹ پولیس کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل اینجل ٹومکو نے تصدیق کی ہے کہ وہاں ایک ’ایکٹیو شوٹر‘ یعنی مسلح حملہ آور موجود تھا۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا میں فائرنگ، 2 فائر فائٹرز ہلاک، حملہ آور مردہ حالت میں ملا

فورٹ اسٹیورٹ ہنٹر آرمی ایئر فیلڈ کے تصدیق شدہ فیس بک پیج پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فوجی تنصیب کو صبح 11 بج کر 4 منٹ پر لاک ڈاؤن کردیا گیا تھا اور قانون نافذ کرنے والے ادارے موقع پر موجود ہیں۔

فورٹ اسٹیورٹ جو ریاست جارجیا کے شہر ساوانا سے قریباً 40 میل جنوب مغرب میں واقع ہے، امریکی فوج کی تیسری انفنٹری ڈویژن کا مرکز ہے اور یہاں فعال و ریزرو یونٹس کو تربیت دی جاتی اور تعینات کیا جاتا ہے۔

ایف بی آئی کے ترجمان کے مطابق ایجنسی کے ساوانا، جارجیا آفس کے اہلکار فورٹ اسٹیورٹ پہنچ چکے ہیں اور فوج کی کریمنل انویسٹی گیشن ڈویژن کے ساتھ مل کر تحقیقات کر رہے ہیں۔

جارجیا کے گورنر برائن کیمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری بیان میں واقعے کو سانحہ قرار دیتے ہوئے کہاکہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ قریبی رابطے میں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا میں عوامی مقامات پر فائرنگ کے واقعات اور ہلاکتوں میں مسلسل اضافہ

انہوں نے کہاکہ ہم متاثرہ افراد، ان کے اہل خانہ اور تمام سروس ممبران کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھ رہے ہیں اور ہم تمام جارجیائی شہریوں سے بھی ایسا ہی کرنے کی اپیل کرتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp