’میں 3 گلاس پانی پیتا ہوں روزانہ‘… ’میں تو 5 سے 8 گلاس تک پیتا ہوں!‘ بلکہ کچھ لوگوں نے یہاں تک کہا کہ وہ روز 12 گلاس پانی پیتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پانی پانی رے! وزیرِ اعظم نے اسلام آباد میں صاف پانی کی فراہمی کے لیے ٹاسک فورس قائم کردی
یہ جوابات ہمیں عوام سے پوچھنے پر ملے جب ہم نے معلوم کیا کہ وہ روزانہ کتنا پانی پیتے ہیں۔ بظاہر یہ ایک سادہ سا سوال تھا مگر جوابات سے یہ بات واضح ہوئی کہ بہت سے لوگ پانی کے استعمال کے بارے میں درست معلومات سے محروم ہیں۔
ہم نے ان آرا کے حوالے سے ماہر صحت ڈاکٹر ذین شاہد مغل سے گفتگو کی جنہوں نے بتایا کہ کم پانی پینا بہت خطرناک ہو سکتا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس سے نہ صرف جسم میں تھکاوٹ اور سستی پیدا ہوتی ہے بلکہ گردوں کی کارکردگی متاثر ہوتی ہے، جلد خشک ہو جاتی ہے اور ڈیہائڈریشن جیسے سنگین مسائل جنم لیتے ہیں۔
ڈاکٹر ذین شاہد نے یہ بھی واضح کیا کہ جو لوگ کولڈ ڈرنکس کو پانی کا نعم البدل سمجھتے ہیں وہ غلط فہمی کا شکار ہیں۔ یہ مشروبات وقتی طور پر تسکین تو دیتے ہیں مگر صحت کے لیے نقصان دہ ہوتے ہیں اور پانی کی کمی کو پورا نہیں کر پاتے۔
مزید پڑھیں: پاکستان میں 68 فیصد بیماریاں آلودہ پانی کے استعمال سے پیدا ہوتی ہیں، وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال
انہوں نے عوامی جوابات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہر شخص کو اپنی روزمرہ سرگرمیوں، موسم اور جسمانی حالت کے مطابق تقریباً 8 سے 10 گلاس پانی روزانہ پینا چاہیے۔
اب آپ بتائیں، آپ روزانہ کتنا پانی پیتے ہیں؟ کیا آپ کی یہ مقدار آپ کی صحت کے لیے کافی ہے؟ دیکھیے سفیر احمد کی یہ ویڈیو رپورٹ۔













