کراچی کے لانڈھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں واقع گارمنٹس فیکٹری میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی، آگ کی شدت کے باعث عمارت منہدم ہوگئی جس کے باعث 7 افراد زخمی ہوگئے۔ فائر بریگیڈ کی جانب سے آگ بجھانے کی کوششیں جاری ہیں۔
کراچی لانڈھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون کی فیکٹری میں لگی آگ بے قابو ۔۔متاثرہ فیکٹری سے متصل دوسری فیکٹری کی عمارت کو بھی جزوی طور پر لپیٹ میں لے لیا۔۔فائر بریگیڈ کی 16 گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف pic.twitter.com/GYtRtliTFg
— Ahmer Rehman Khan 🇵🇰 (@ahmerrehmankhan) August 7, 2025
میڈیا رپورٹس کے مطابق آگ کی شدت نے قریب کی فیکٹریوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا تھا، تاہم اب اسے پھیلنے سے روک دیا گیا ہے۔ فیکٹری کے اندر وقفے وقفے سے دھماکوں کی آوازیں بھی سنائی دیتی رہیں، جس سے صورتحال مزید خوفناک ہو گئی۔
فائر بریگیڈ حکام نے آگ کو تیسرے درجے کی قرار دیتے ہوئے بتایا کہ آگ بجھانے کے لیے 16 فائر ٹینڈرز اور 2 باوزرز کارروائی میں مصروف ہیں۔
باہر آنے والے ملازمین کے مطابق اچانک عمارت میں دھواں پھیلتے ہی ملازمین میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
ملازمین نے تعمیراتی کام کے لیے لگائی گئی کنکریٹ لفٹ کے جنگلے کی مدد سے اترنا شروع کیا، پریشانی کے عالم میں ملازمین کی بڑی تعداد لوہے کے جنگلے سے ہی نیچے اتری۔ ریسکیو حکام کے مطابق عمارت سے تمام افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے اور آگ پر قابو پانے کی کوشش جاری ہے۔
واٹر کارپوریشن سے ہنگامی مدد طلب
فیکٹری میں لگنے والی آگ کے بعد ضلعی انتظامیہ، فائر بریگیڈ اور ریسکیو 1122 نے واٹر کارپوریشن سے ہنگامی مدد طلب کرلی ہے۔
ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق سی ای او واٹر کارپوریشن کی ہدایت پر شیرپاؤ ہائیڈرنٹ پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ جائے وقوعہ پر فوری طور پر واٹر ٹینکرز روانہ کر دیے گئے ہیں تاکہ فائر بریگیڈ کو بلا تعطل پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
ترجمان کے مطابق انچارج ہائیڈرنٹس سیل مسلسل فائر بریگیڈ اور ریسکیو حکام سے رابطے میں ہیں، جبکہ ایم ڈی واٹر کارپوریشن کے فوکل پرسن ہائیڈرنٹس سیل آپریشن کی خود نگرانی کررہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی شاپنگ مال میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا، دکانداروں کو بھاری نقصان کا سامنا
واٹر کارپوریشن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ آگ پر مکمل قابو پانے تک فائر بریگیڈ کو واٹر ٹینکرز کی فراہمی جاری رکھی جائے گی، اور فائر بریگیڈ کے ساتھ مکمل تعاون فراہم کیا جا رہا ہے تاکہ جلد از جلد آگ پر قابو پایا جا سکے۔